بی جے پی نے جمہوریت کاقتل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی: سچن پائلٹ
یو این آئی
سرسہ؍؍ راجستھان کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور کانگریس لیڈر سچن پائلٹ نے کہا کہ جمہوریت وہیں مضبوط ہے جہاں عدلیہ مضبوط ہو، آئین مضبوط ہو، میڈیا مضبوط ہو، لیکن مرکز میں موجودہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے جمہوریت کا گلا گھوٹنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی۔
مسٹرپائلٹ نے کہا کہ اپوزیشن کو ختم کرنے کے لیے اس حکومت نے جو ہتھکنڈے اپنائے ہیں تاریخ میں آج تک کسی سیاسی پارٹی نے نہیں اپنائے ہیں۔ عوام نے اب ذہن بنا لیا ہے کہ اس تاناشاہی اور امیروں کی حکومت کو اکھاڑپھینکناہے۔
راجستھان کے ٹانک اسمبلی حلقہ کے ایم ایل اے پائلٹ نے گاؤں رام پورہ ڈھلون میں سرسہ لوک سبھا سے کانگریس امیدوار کماری سیلجا کی حمایت میں منعقد ایک پروگرام میں یہ باتیں کہیں۔ ان کے ساتھ سابق وزیر سمپت سنگھ، سنگریا ایم ایل اے ابھیمنیو پونیا، دڑبا کے سابق ایم ایل اے بھرت سنگھ بینیوال، پون بینیوال سمیت دیگر پارٹی کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
مسٹرپائلٹ نے کہا کہ اپنے 10 سال کے دور حکومت میں اس حکومت نے کوئی ایسی پالیسی نہیں بنائی جو عوام کے مفاد میں ہو۔ کسان دوست ہونے کا دعویٰ کرنے والی حکومت نے چند سرمایہ دار گھرانوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے پہلے تین کالے قوانین لائے۔ کسانوں کے احتجاج کے بعد دباؤ میں آکر ملک کے مْکھیا کو عوام کے سامنے آنا پڑا اور تینوں کالے قوانین واپس لینے پڑے۔ یہی نہیں حکومت کسانوں کو فصلوں کی قیمتیں بھی نہیں دلوا سکی۔ اس حکومت نے کسانوں کو برباد کرنے کی پوری حکمت عملی تیار کر رکھی تھی لیکن ملک کے باشعور انّ داتا نے حکومت کے ارادوں کو بھانپتے ہوئے اپنی آواز بلند رکھی جس کی وجہ سے حکومت اپنے منصوبوں میں کامیاب نہ ہو سکی۔
مسٹر پائلٹ نے کہا کہ چند لوگوں کو خوش کرنے کے لیے اس بے رحم حکومت نے کسانوں کا بہت استحصال کیا۔ اپنے 10 سالہ دور حکومت میں انہوں نے حکومت کا ایک بھی نمائندہ ایسا نہیں دیکھا جو کسانوں کی بھلائی کی بات کرتا ہو۔