بھوپال، // لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلے کے تحت مدھیہ پردیش کی آٹھ پارلیمانی سیٹوں پر صبح 11 بجے تک پہلے چار گھنٹوں میں 32.38 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، صبح 11 بجے تک سب سے زیادہ ووٹنگ فیصد دیواس پارلیمانی حلقہ میں 35.83 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی اجین میں 34.25 فیصد، دھار میں 32.62 فیصد، مندسور میں 34.12 فیصد، رتلام میں 34.04، کھنڈوا میں 31.87 فیصد اور کھرگون میں 33.52 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔ اندور پارلیمانی حلقہ 25.01 فیصد ووٹنگ کے ساتھ پیچھے ہے۔
ان آٹھ پارلیمانی حلقوں کے لیے کل 74 امیدوار میدان میں ہیں۔ ان میں دیواس اور مندسور میں آٹھ-آٹھ، کھنڈوا میں 11، کھرگون میں پانچ، رتلام میں 12، دھار میں سات، اندور میں 14 اور اجین میں نو امیدوار شامل ہیں۔
پولنگ اسٹیشنوں پر کمیشن نے ریمپ کا انتظام، پینے کے پانی، فرنیچر، میڈیکل کٹ، بجلی کا انتظام، ہیلپ ڈیسک، سائنیج(اشارے)، بیت الخلا، سایہ دار انتظام، رضاکاروں، کریچ کا انتظام، معذوروں کے لیے گاڑی کا انتظام وغیرہ جیسی سہولیات فراہم کی ہیں۔ چوتھے مرحلے کے ساتھ ہی ریاست کی تمام 29 لوک سبھا سیٹوں پر ووٹنگ مکمل ہو جائے گی۔