کوشامبی //مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اتوار کو کانگریس لیڈر منی شنکر ائیر اور نیشنل کانفرنس سربراہ فاروق عبداللہ کی پاکستان کے سلسلے میں دئیے گئے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پی او کے ہندوستان کا حصہ ہے اور اسے واپس لیں گے۔
بی جے پی امیدوار ونود سونکر کی حمایت میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی داخلہ امت شاہ نے کہا’کانگریس لیڈر منی شنکر ائیر اور انڈیا تحاد کے لیڈر فاروق عبداللہ پاکستان کا احترام کرنے کے لئے کہہ رہے ہیں کیونکہ اس کے پاس ایٹم بم ہے۔ ہم کیوں کریں پاکستان کا احترام۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی کہہ رہے ہیں کہ پی او کے نہ مانگیں۔ راہل بابا اگر آپ کو ایٹم بم سے ڈرنا ہے تو ڈرو ۔ ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔ پی او کے ہندوستان کا حصہ ہے اور ہم اسے لے کر رہیں گے۔شاہ نے کہا’کانگریس صدر کھڑگے کہتے ہیں کہ راجستھان اور اترپردیش کے لوگوں کو کشمیر سے کیا لینا دینا ہے۔ شاید انہیں نہیں معلوم کہ کوشامبی کا ہر بچہ کشمیر کے لئے اپنی جان قربان کرنے کو تیار ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ دو شہزادے ہیں اکھلیش اور راہل جو اقتدار میں آنے پر آرٹیکل 370 واپس لانے کا دعوی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوشامبی کے لوگوں کو طے کرنا چاہئے کہ آرٹیکل 370 واپس آنا چاہئے یا نہیں؟۔ مودی جی نے ملک میں دہشت گردی اور نکسل واد کو ختم کیا ہے اور انہوں نے ملک کو سیکور کرنے کا کام کیا ہے۔
رام مندر کا معاملہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا 70 سال تک ایس پی۔ بی ایس پی اور کانگریس کے لوگوں نے رام مندر کے مسئلے کو ٹھنڈے بستے میں ڈالے رکھا۔ جب مودی جی دوسری بار پی ایم بنے تو مقدمہ جیت لیا گیا۔ بھومی پوجن کی گئی اور پانچ سال کے اندر 22جنوری کو پران پرتشٹھا کی تقریب ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ انڈیا اتحاد کے لیڈر وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف الیکشن لڑرہے ہیں۔ حالانکہ جیتنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ لیکن مان لیجئے کہ اگر وہ جیتے ہیں تو وزیر اعظم کون ہوگا۔ کیا شرود پوار، ممتا بنرجی، ادھو ٹھاکرے، اسٹالن یا راہل گاندھی وزیر اعظم بن سکتے ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا تو ان کے ایک لیڈر نے کہا کہ باری باری سے بنیں گے پی ایم، راہل بابا یہ کوئی کرانے کی دوکان نہیں ہے جہاں چیزیں اس طرح نہیں چلتیں۔