سری نگر، // پی ڈی پی کے سری نگر لوک سبھا سیٹ کے امید وار وحید پرہ نے رواں لوک سبھا انتخابات کو ‘ریفرنڈم’ قرار دینے کے ان کے بیان کے خلاف ضلع الیکشن حکام کی نوٹس کو ان کی آواز کو دبانے کی ایک کوشش سے تعبیر کیا ہے۔بتادیں کہ وحید پرہ نے اپنے ایک بیان میں لوگوں سے کہا تھا کہ وہ لوک سبھا الیکشن کو ریفرنڈم سمجھ کر دلی کو یہ پیغام بھیجیں کہ کشمیری لوگ خوش نہیں ہیں۔
ضلع نوڈل افسر سری نگر نے بدھ کے روز ان کے اس بیان کو مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دے کر ان کے خلاف نوٹس جاری کیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا: ‘یہ پیغام کمیونٹیوں کے درمیان اختلافات کو بڑھانے اور معاشرے میں عدم اطمینان پیدا ہونے کا باعث بن سکتا ہے’۔وحید پرہ سے آئندہ ایسے بیانات دینے سے گریز کرنے کو کہا گیا ہے۔
وحید پرہ کے نام 8 مئی کو جاری اس نوٹس میں کہا گیا ہے: ‘اس نوٹس کے ذریعے آپ کو کہا جاتا ہے کہ اس طرح کے بیانات دینے سے فوری طور گریز کریں اور یہ بھی واضح کریں کہ آپ نے کس سیاق و سباق میں یہ بیان دیا اور لوگوں تک آپ کیا پہنچانا چاہتے ہیں اس سلسلے میں نوٹس جاری ہونے کے دو دن کے اندر ضلع الیکشن افسر سری نگر کے سامنے اپنی پوزیشن کو واضح کریں’۔نوٹس میں کہا گیا: ‘بصورت دیگر عدم تعمیل سمجھا جائے گا اور تحت قانون کارروائی کی جائے گی’۔وحید پرہ نے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘یہ میری آواز کو دبانے کی ایک کوشش ہے’۔
امرت پال سنگھ نے ڈبرو گڑھ جیل سے کھڈور صاحب کے لئے پرچہ نامزدگی داخل کیا
چنڈی گڑھ، 10 مئی (یو این آئی) وارث پنجاب کے چیف امرت پال سنگھ نے کھڈور صاحب لوک سبھا حلقہ سے امیدوار کے طور پر آسام کی ڈبرو گڑھ جیل سے کاغذات نامزدگی داخل کئے اور ان پر دستخط کردییے ہیں۔
قانونی معاملات پر خبروں کی ویب سائٹ ‘لائیو لا’ کے مطابق پنجاب حکومت نے جمعہ کو پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کو یہ معلومات دی۔ حکومت نے عدالت کو بتایا کہ جمعرات کو نامزدگی فارم اور دیگر کاغذات کے دو سیٹ انہیں جیل میں پہنچائے گئے جو انہوں نے بھرے اور دستخط کئے۔ انہیں اپنے تجویز کنندہ اور وکیل سے بھی ملوایا گیا۔امرت پال سنگھ کی جانب سے ایک درخواست دائر کی گئی تھی جس میں نامزدگی کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے سات دن کے لیے ضمانت پر جیل سے رہا کرنے کی مانگ کی گئی تھی۔
اپریل 2023 میں امرت پال سنگھ کو نیشنل سیکورٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کر کے ڈبرو گڑھ جیل بھیج دیا گیا تھا۔
حال ہی میں امرت پال سنگھ کی ماں نے اعلان کیا تھا کہ امرت پال جیل سے ہی آزاد امیدوار کے طور پر لوک سبھا الیکشن لڑیں گے۔