حکومت کشمیر میں افراتفری پھیلا رہی ہے

0
0

علاقائی جماعتیں کشمیر مخالف اقدام کے خلاف ایک جٹ ہوکر لڑیں گی: محبوبہ مفتی
یواین آئی

بڈگامپی ڈی پی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے مرکزی حکومت اور ریاستی گورنر انتظامیہ پر وادی کشمیر میں افراتفری پھیلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی علاقائی مین اسٹریم سیاسی جماعتیں کسی بھی کشمیر مخالف اقدام کے خلاف ایک جٹ ہوکر لڑیں گی۔ انہوں نے حکومت ہند سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں وقوع پذیر ہوئی حالیہ پیش رفتوں پر اپنی خاموشی توڑیں۔محبوبہ مفتی نے ہفتہ کے روز یہاں پارٹی کی ایک تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کو بتایا: ‘اگر حکومت ہند کوئی کشمیر مخالف اقدام نہیں اٹھانے والی ہے تو پھر یہاں سے یاتریوں اور سیاحوں کو کیوں بھگایا جارہا ہے۔ یہاں این آئی ٹی کے طلباءسے کیوں کہا جا رہا ہے کہ گھروں کو واپس لوٹ جاﺅ۔ افراتفری تو سرکار پھیلا رہی ہے۔ یہاں کی انتظامیہ تو روز ایڈوائزریاں جاری کر رہی ہے’۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘میرا یہ کہنا ہے کہ ہم تمام مین اسٹریم جماعتیں جن کو یہاں کرپشن کے نام پر بدنام کیا جارہا ہے، ہم کسی سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ ہم اکٹھے آخری سانس تک جموں وکشمیر کے تشخص کی حفاظت کریں گے’۔دریں اثنا محبوبہ مفتی نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران حکومت ہند سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں وقوع پذیر ہوئی حالیہ پیش رفتوں پر اپنی خاموشی توڑیں۔انہوں نے کہا: ‘یاتریوں، سیاحوں اور آین آئی ٹی کے طلباءکو کیوں نکالا گیا؟ بڑے پیمانے پر فوج لائی گئی۔ ایئر فورس کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا، فوج کو الرٹ پر رکھا گیا، چناب ویلی میں بھی حالات خراب ہورہے ہیں، پیر پنچال اور جموں میں بھی لوگ ڈرے ہوئے ہیں۔ آخر یہ ماجرا کیا ہے؟ حکومت ہند خاموش کیوں ہے؟ حکومت ہند سے کوئی جموں وکشمیر کے لوگوں کو یہ یقین دہانی کیوں نہیں کراتا کہ کچھ ہونے والا نہیں ہے۔ جو جمہوریت، انسانیت اور کشمیریت کی بات روز روز کرتے ہیں وہ آج خاموش کیوں ہیں؟’۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا