سید نیاز شاہ
پونچھ// سنیئر نیشنل کانفرنس لیڈر و سابقہ ڈپٹی چیئرمین جموں و کشمیر قانون ساز کونسل و سابقہ ایم ایل اے مینڈھر جاوید احمد رانا نے آج ایک بار پھر مرکزی سرکار کو ہدف تنقید بناتے ہوے کہا کہ ضلع پونچھ کے ساتھ مرکزی سرکار ہمیشہ کی طرح اب بھی ناروا سلوک اختیار کیے ہوئے ہے، اس موقع پر پریس کے نام جاری اپنے بیان میں جاوید رانا نے کہا کہ پونچھ ضلع کو میڈیکل کالج سے دور رکھا جانا قابل افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پونچھ میں میڈیکل کالج کے نہ ہونے سے ضلع کے لوگوں کو بے تحاشا مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔انہوں نے کہا کہ ادھمپور سے جموں تیس منٹ کا راستہ ہے اس کے برعکس اگر دیکھا جائے تو پونچھ سے جموں پہنچنے کے لیے پورا ایک دن درکار ہوتا ہے جس سے کئی بار مریض راستے میں ہی دم توڑ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا ضلع پونچھ بارڈر سے متصل علاقہ ہے اور یہاں پر میڈیکل کالج کے نہ ہونے عوام کو انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے مرکزی سرکار سے مانگ کی کے سرحدی ضلع کے لئے جلد از جلد ایک میڈیکل کالج کا قیام عمل میں لایا جائے، تاکہ یہاں کے عوام بھی پریشانی کے عالم میں بہتر سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔