رام بن بانہال کے مختلف مقامات پر پسیاں اور پتھر گر آئے
جموں و سرینگرقومی شاہراہ گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند
ملک شاکر
بانہال ریاست جموں و کشمیر میں گذشتہ دنوں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جس کے بعد درج حرارت میں کمی آنے کی وجہ سے لوگوں نے کسی حد تک راحت کی سانس لی۔ تو وہیںدوسری جانب ریاست جموں و کشمیر میں کئی مقامات پر سیلابی صورتحال پیدا ہونے سے لوگوں کو سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا اور کئی مقامات پر لوگوں کے رہائشی مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔وہیںاگر ریاست جموں و کشمیر کے ساتھ ساتھ ضلع رام بن کی بات کی جائے تو بارشوں کے شروع ہونے کے ساتھ ہی یہاں کی سڑکوں کا حال ندی نالوں کی شکل اختیار کر لیتی ہے اور جموں و سرینگر قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہو کر رہ جاتی ہے۔ بارشوں کے باعث آج بھی رام بن بانہال کے مختلف مقامات پر پسیاں اور پتھر گر آنے کی وجہ سے جموں و سرینگر قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بند ہوئی۔شاہراہ کی خستہ حالی میں رام بن بانہال کے درمیان دن بہ دن اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے اور ایسے میں بارشوں کے علاوہ خشک موسم میں بھی آئے روز بہت سے دلدوز حادثات پیش آتے ہیں جس کی سب سے بڑی وجہ ضلع رام بن میں کام کرتی تعمیراتی کمپنیاں ہیں۔ جن کی وجہ سے قومی شاہراہ کی حالت خستہ ہو رہی ہے اور شاہراہ کو درست کرنے کے لئے کوئی بھی تعمیراتی کمپنی کارگر ثابت نہیں ہوئی اور کام کی سست رفتاری کی وجہ سے جب بھی کبھی تھوڑی سی بارش شروع ہوتی ہے تو پسیاں اور پتھر گر آنے سے قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل بند ہوتی ہے اور مسافر درماندہ ہو کر رہ جاتے ہیں، عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کا اثر خاص طور پر یہاں کی تجارت پر پڑتا ہے۔