کراچی// لانڈھی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکیوں پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی شناخت سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق اےآروائی نیوز نے آج صبح کراچی کے علاقے لانڈھی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکیوں پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں سے متعلق اہم تفصیلات فوٹیج کیساتھ حاصل کرلی ہے۔
تحقیقاتی ذرائع کے مطابق پولیس مقابلے میں مارا گیا دہشتگرد بلوچستان پنجگور کا رہائشی تھا جس کی شناخت سہیل احمد ولد عبدالحمید کے نام سے ہوئی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ہلاک دہشت گرد اپنے ساتھی کے ساتھ موٹر سائیکل پر آیا تھا، دھماکے کے مقام پر دونوں دہشت گرد کافی دیر موٹرسائیکل کھڑی کر کے گاڑی کا انتظار کرتے رہے۔
اس حملے کے بعد سامنے آنے والے فوٹیج میں خودکش حملہ آور کو خودکش جیکٹ پہنے دیکھا جاسکتا ہے، جیسے ہی گاڑی قریب آئی دہشتگرد آگے بڑھا اور خود کو اڑا لیا۔
واضح رہے آج صبح 6 بجے کے قریب کراچی کے علاقے لانڈھی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکیوں کی گاڑی پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا تھا اور چاروں غیر ملکی محفوظ رہے تھے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑایا جبکہ دوسرا جوابی کارروائی میں مارا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ غیر ملکیوں کے ساتھ موجود سیکیورٹی گارڈ نے دہشت گرد سے مقابلہ کیا جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو گارڈ اور ایک راہ گیر زخمی ہوا تاہم دوران علاج ایک گارڈ جاں بحق ہوگیا۔