ڈاکٹر درخشاں نے سری نگر میں درگاہ حضرت بل اور دیگر مزارات پر تہوار وںکے انتظامات کا جائزہ لیا
کہاگزشتہ دو سالوں میں بورڈ کے اثاثوں اور آمدنی کے آڈٹ اور احتساب کو یقینی بنایا گیا: اندرابی
لازوال ڈیسک
جموں؍؍جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر سید درخشاں اندرابی نے آج وقف بورڈ کے افسران اور عملے کے ساتھ درگاہ حضرت بل کا دورہ کرکے تہوار کے اجتماعات کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ دیگر سرکاری محکموں کے نمائندے بھی تھے۔وہیں ڈاکٹر اندرابی نے دستگیر صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے مزار اور سید یعقوب صاحب ؒسونوار کے مزار پر بھی حاضری دی اور تہوار کے دوران آنے والوں کے لیے رکھی گئی سہولیات کا جائزہ لیا۔اس دوران ڈاکٹر درخشاں نے اس رمضان میں حضرت بل اور جموں و کشمیر کے تمام بڑے مزارات پر مکمل تازہ چٹائی بچھانے کے منصوبے کی تکمیل پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار اس پروجیکٹ کو وقف بورڈ نے اپنے وسائل سے انجام دیا ہے۔
درخشاں نے کہاکہ احتساب کو یقینی بنا کر، ہم بورڈ کے وسائل سے پہلی بار اس طرح کے منصوبے اور دیگر تعمیراتی منصوبے شروع کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ڈاکٹر اندرابی نے رمضان المبارک کے جمعۃ الوداع اور آنے والی شب قدر کے تہواروں پر سب کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ تہوار اور یہ مقدس مہینہ ہمارے روحانی بندھنوں کو مضبوط کرتا ہے اور ہماری روح کو پاک کرتا ہے۔
انہوں نے مزیدکہاکہ ہم تہواروں کے دوران نماز کے لیے پرسکون اور بہتر ماحول کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہاکہ بورڈ لوگوں کی خدمت کرنے اور انھیں تمام عبادت گاہوں پر آسان اور آرام دہ محسوس کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔وہیں ڈاکٹر اندرابی نے وقف بورڈ کی ایک میٹنگ کی صدارت کی اور تہوار کے دنوں میں وقف بورڈ کے زیر انتظام تمام مزارات اور مساجد میں بورڈ کی طرف سے رکھی گئی سہولیات کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ دو سالوں میں آڈٹ، اثاثوں اور آمدنی کے احتساب کو یقینی بنایا۔انہوں نے کہا کہ وہ وقف بورڈ میں اس میگا ریفارم تحریک کی حمایت کرنے پر یوٹی کے ہر شہری اور میڈیا برادری کی شکر گزار ہیں۔