آر جے ڈی 26، کانگریس 9 اور بائیں بازو کی جماعتیں پانچ سیٹوں پر الیکشن لڑیں گی
یواین آئی
پٹنہ؍؍بہار میں لوک سبھا انتخابات کے لیے انڈین نیشنل ڈیموکریٹک انکلوسیو الائنس (اِنڈیا الائنس) کی اتحادی جماعتوں کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کا جمعہ کو اعلان کیا گیا، جس کے تحت ریاست میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) 26، کانگریس 9 اور بائیں بازو کی جماعتیں پانچ سیٹوں پر الیکشن لڑیں گی۔
آر جے ڈی کے ریاستی صدر جگدانند سنگھ، بہار پردیش کانگریس کے صدر اکھلیش سنگھ، آر جے ڈی کے راجیہ سبھا رکن منوج جھا، بائیں بازو کی جماعتوں کے لیڈر رام نریش پانڈے اور دھیریندر جھا کی موجودگی میں آر جے ڈی لیڈر عبدالباری صدیقی نے پریس کانفرنس میں انڈیا اتحاد کی جماعتوں کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ آر جے ڈی اورنگ آباد، گیا، جموئی، نوادہ، سارن، پاٹلی پترا، بکسر، اجیار پور، جہان آباد، دربھنگہ، بانکا، ارریہ، مونگیر، سیتامڑھی، جھنجھارپور، مدھوبنی، سیوان، والمیکی نگر، مشرقی چمپارن، پورنیہ، سپول، مدھے پورہ، گوپال گنج، ویشالی اور حاجی پور اور شیوہر سیٹوں سے الیکشن لڑے گی۔
مسٹر صدیقی نے کہا کہ کانگریس کشن گنج، کٹیہار، مغربی چمپارن، سمستی پور، ساسارام، پٹنہ صاحب، مظفر پور، بھاگلپور اور مہاراج گنج سیٹوں سے الیکشن لڑے گی۔ وہیں، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ-لیننسٹ (سی پی آئی-ایم ایل) آرہ، کاراکاٹ اور نالندہ سے، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) بیگوسرائے سے اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ (سی پی آئی-ایم) کھگڑیا سیٹ سے الیکشن لڑے گی۔
پریس کانفرنس میں جب صحافیوں نے پورنیہ سیٹ پر کانگریس لیڈر پپو یادو کے دعوے سے متعلق سوال پوچھا تو آر جے ڈی کے راجیہ سبھا ممبر منوج جھا نے کہا کہ یہ کسی خاص شخص کے بارے میں بات کرنے کا پلیٹ فارم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا مقابلہ کرنے کے لئے انڈیا (انڈیا) متحد ہے۔ تمام اتحادی جماعتیں موجودہ انتخابی لڑائی میں میں بی جے پی کو شکست دینے کے لیے سخت محنت کریں گی۔