اجیت دووال کی سربراہی میں کشمیر سے متعلق اہم میٹنگ منعقد

0
0

اسمبلی چناﺅ کے انعقاد اور سالانہ امرناتھ یاترا سے متعلق انتظامات پر ہوا غور و خوض
لازوال ڈیسک

نئی دہلیقومی سلامتی کے مشیر اجیت دووال نے نئی دہلی میں ریاستی انتظامیہ کے اعلیٰ افسروں اور سیکورٹی ایجنسیوں کے اعلیٰ حکام کےساتھ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اسمبلی انتخابات کے انعقاد اور سالانہ امرناتھ یاترا کے حوالے سے اُٹھائے گئے سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ذرائع کے مطابق نریندرمودی کی سربراہی والی این ڈی اے حکومت میں دوسری مرتبہ قومی سلامتی کے مشیر بن چکے اجیت دووال نے جمعہ کے روز نئی دہلی میں ریاستی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران سمیت سیکورٹی ایجنسیوں کے اعلیٰ حکام کے ساتھ ریاست کی تازہ ترین سیکورٹی صورتحال پر تفصیلی میٹنگ منعقد کی۔ میٹنگ کے دوران جموں وکشمیر میں التوا میں رکھے گئے اسمبلی انتخابات کے انعقاد اور اگے ماہ سے شروع ہونے والی سالانہ امرناتھ یاترا سے متعلق سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق میٹنگ میں ریاستی گورنر کے خصوصی صلاح کار کے وجے کمار، چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم، فوجی سربراہ جنرل بپن راوت، ڈائریکٹر جنرل سی آر پی ایف آر آر بٹناگر کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ موجو دتھے۔خیال رہے قومی سلامتی کے مشیر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اجیت دووال کی یہ پہلی میٹنگ تھی جو صرف کشمیر اُمور تک ہی محدود رہی۔میٹنگ کے دوران کشمیر سیکورٹی ایجنسیوں کے اعلیٰ حکام نے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دووال کو ریاست کی تازہ ترین سیکورٹی صورتحال کی جانکاری فراہم کی۔ اس موقعے پر سیکورٹی حکام نے موصوف کو اگلے ماہ سے شروع ہونے والی سالانہ امرناتھ یاترا سے متعلق اُٹھائے گئے سیکورٹی انتظامات کی تفصیلی جانکاری بھی دی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا