کچے مکان تلے دب کر ماں اورتین معصوم بچیوںکی موت ،دیگر 2 زخمی
شاہ نواز
ریاسی؍؍گزشتہ شب ضلع ریاسی کی تحصیل چسانہ میں بارش کے دوران ایک دلخراش حادثہ پیش آیا جس میں ایک 30سالہ خاتون اپنی تین معصوم بچیوں سمیت اپنے کچے مکان تلے دب کر لقمہ اجل بن گئی جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جموں وکشمیر کے ضلع ریاسی کی تحصیل چسانہ کے کنڈردھان گاؤں میں گزشتہ شب جب کافی بارش ہو رہی تھی تو اس دوران تحصیل چسانہ کے گاؤں کنڈردھان موڑہ بند میں ایک پسی کے تلے رہائشی کچا گھر آگیا جس میں ایک تیس سالہ خاتون اپنے تین بچوں سمیت لقمہ اجل بن گئی جبکہ اس سانحہ میں60سالہ بزرگ میاں بیوی زخمی ہوئے ہیں۔
اس حادثہ میں جاں بحق ہوئی 30سالہ پھلا اختر زوجہ محمد فرید اور اْس کی 5سالہ نسیم اختر، 3سالہ سفین کوثر، 2ماہ کی ثمرین کوثر شامل ہیں جبکہ قلو ولد جْمہ عمر 60سال اور اس کی 58 سالہ اہلیہ بانو بیگم زخمی ہوگئے ہیں جنہیں بعد میں ریسکو کر کے علاج ومعالجہ کے لئے ہسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔
اس کے بعد مقامی لوگ اور پولیس کے علاوہ تحصیلدار چسانہ اور ایس ڈی ایم مہور مظاہر حسین شاہ موقع پر پہنچے اور از خود حالات کا جائزہ لیا۔ اس حادثے کے حوالے سے ضلع ترقیاتی کمشنر ریاسی ویشیش پال مہاجن نے بتایا زخمیوں کو بہتر علاج فراہم کیا جارہا ہے اور سوگوار خاندان کو ممکنہ امداد فراہم کی جائے گی۔