سیول انتظامیہ و پولیس انتظامیہ نے کیے ہیلپ ڈیسک قائم، عوام سے احتیاط برتنے کی تلقین
ریڈ کراس سوسائٹی کی طرف سے متاثرین کو فوری امدادی سامان کیا گیا فراہم
بابر فاروق
کشتواڑ؍؍ ضلع کشتواڑ میں حالیہ شدید بارش کے ردعمل میں متعلقہ تحصیلداروں نے رہائشی مکانات کو کافی نقصان پہنچانے کی اطلاع دی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق کْل 14 ڈھانچے متاثر ہوئے ہیں جن میں ایک کچے مکان کو شدید نقصان پہنچا ہے اور پانچ کچے مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے اس کے علاوہ ایک گؤ خانے کو شدید نقصان پہنچا ہے اور ایک کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔ تحصیل کشتواڑ میں دو تجارتی اداروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ اس کے علاوہ سب ڈویڑن چھاترو کی تحصیل مغل میدان میں دو کچے مکانات، تحصیل دچھن میں ایک کچا رہائشی مکان اور تحصیل چھاترو میں ایک کچے مکان کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر قریبی محفوظ مقامات اور رہائش گاہوں پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر کشتواڑ ڈاکٹر دیونش یادؤ نے یقین دلایا کہ ریڈ کراس سوسائٹی کشتواڑ کی ٹیم متاثرین تک امدادی سامان اور ضروری مدد پہنچانے میں سرگرم عمل ہے۔ موسمی صورتحال کے پیش نظر میں عوام کو سختی سے مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ خطرناک مقامات پر غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کریں۔ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں عوام کنٹرول روم کے فون نمبرات پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ علاقہ ترگام میں کم از کم چھ رہائشی مکانات میں نقصان پہنچنے پر ریڈ کراس سوسائٹی کشتواڑ نے فوری طور پر متاثرہ کنبوں کو امدادی سامان فراہم کیا گیا۔ مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ کشتواڑ و ریڈکراس سوسائٹی کشتواڑ کا شکریہ ادا کیا۔ ضلع پولیس کشتواڑ نے بھی خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر ہیلپ ڈیسک قائم کیا اور عوام سے کسی بھی ایمرجنسی میں پولیس کنٹرول روم کشتواڑ میں رابطہ کرنے کو کہا تاکہ بروقت بچاؤ کاروائی عمل میں لائی جائے۔ ضلع پولیس کشتواڑ نے بھی عوام سے احتیاط برتنے کی تلقین کی ہے۔