اردو روزنامہ صبح کشمیر کے مدیر اعلیٰ نذیر احمد وانی انتقال کرگئے

0
0

صحافتی ،سیاسی ،سماجی اور ادبی انجمنوں نے مرحوم کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا
تنہا ایاز
پلوامہ؍؍ سرینگر سے شائع ہونے والے اردو روزنامہ صبح کشمیر کے مدیر اعلیٰ نذیر احمد وانی سینچر کی صبح سرینگر کے ایک ہسپتال میں انتقال کرگئے ان کی وفات پر جموں و کشمیر کی صحافتی برادری ،سیاسی، سماجی اور ادبی تنظیموں کے علاوہ سماج کے دیگر طبقہ ہائے فکر سے وابستہ لوگوں نے زبردست رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار کنبے سے تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی درجات کی بلندی کیلئے دعاء کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وادی کے نامور صحافی اور روزنامہ صبح کشمیر کے مدیر اعلیٰ نذیر احمد کے انتقال پر کشمیری پنڈت کانفرنس کے چیئرمین کندن کشمیری نے زبردست دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔اپنے ایک تعزیتی پیغام میں کشمیری پنڈت کانفرنس کے صدر کندن کشمیری نے کہا کہ مرحوم نذیر احمد ایک جانے مانے صحافی تھے جن کے انتقال سے صحافت کو ایک دھچکا لگا ہے۔
انہوں نے مرحوم کے لواحقین کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے بلند درجات کیلئے دعا کی ہے۔ اس دوران ندائے کشمیر کے چیف ایڈیٹر معراج الدین فراز نے روزنامہ صبح کشمیر کے مدیر اعلیٰ کی وفات پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے مرحوم کی موت صحافی برادری میں ایک ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کے سوگواران کے ساتھ تعزیت کی ہے۔ادھر ڈسڑکٹ کلچرل سوسائٹی پلوامہ کے جنرل سیکرٹری غلام محمد دلشاد، نامور شاعر اور قلمکار عبدالرحمان فدا ،مراز ادبی سنگم کے صدر علی شیدا، جموں و کشمیر سول سوسائٹی فورم کے سربراہ فیاض اندرابی ،وادی کے معروف سوشل ورکر اور جموں و کشمیر سوشل ورکرس کمیٹی کے چیرمین غمگین مجید ناربلی اور پلوامہ کے نامور سماجی کارکن محمد الطاف جڈورہ نے صبح کشمیر کے مدیر اعلیٰ کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا۔ادھر پلوامہ ورکنگ جرنلسٹ ایسوی ایشن کے صدر شاہ ارشاد اور ایسوسی سے وابستہ سبھی افراد نے نذیر احمد کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کی درجات بلندی کیلئے دعا کی ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا