کہا متاثرہ آبادی کی فوری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اضافی مدد کی ضرورت ہے
لازوال ڈیسک
را م بن؍؍ ضلع ترقیاتی کونسل رام بن کی چیئرپرسن ڈاکٹر شمشاد شان نے ڈپٹی کمشنر رامبن پر زور دیا کہ وہ ان تمام متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر مالی امداد فراہم کرنے کے علاوہ دیگر ممکنہ مدد فراہم کریں جن کی املاک کو ضلع رامبن میں تباہ کن بارشوں سے نقصان پہنچا ہے۔ڈاکٹر شان نے اس موقع پر متاثرہ کمیونٹیز کی حالت زار سے نمٹنے کے لیے تعاون اور ٹھوس اقدام کی اہم ضرورت پر زور دیا۔ ڈاکٹر شان نے کہاکہ ہمیں ان لوگوں کو مدد فراہم کرنے کے لیے تیزی سے کام کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ ہماری ترجیح اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو وہ امداد ملے جو انہیں اپنی زندگیوں کی تعمیر نو کے لیے درکار ہے۔
چیئرپرسن نے رامبن کی ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ تباہ کن سیلاب کے بعد فوری طور پر مدد طلب کرے جس نے ضلع بھر کی کمیونٹیز کو متاثرکر دیا ہے۔ یکم مارچ 2024 سے ہونے والی شدید بارشوں کے باعث شدید سیلاب آیا ہے، جس سے رہائشی مکانات اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے کہاکہ مسلسل بارشوں نے بے شمار خاندانوں کو بے گھر کر دیا ہے اور انہیں امداد کی فوری ضرورت ہے۔ ڈاکٹر شان نے کہاکہ امدادی اقدامات کی تقسیم کو تیز کرنے کے لیے تحصیلداروں کی طرف سے نقصانات کا تیزی سے اندازہ لگانا بہت ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ رامبن کی ضلعی انتظامیہ مقامی حکام اور امدادی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر بچاؤ اور امدادی کارروائیوں کو مربوط کرنے کے لیے انتھک کام کر رہی ہے۔ تاہم، متاثرہ آبادی کی فوری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اضافی مدد کی ضرورت ہے۔