گروکل نظام کی ہماری قدیم وراثت نے علم کے حصول اور بھائی چارے کے جذبے کو فروغ دیا: لوک سبھا اسپیکر
یواین آئی
کوٹہ؍؍لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے کوٹہ میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی ( آئی آئی آئی ٹی ) کے تیسرے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ یہ تقریب پہلی بار کوٹہ کیمپس میں منعقد ہو رہی ہے، جو کہ ایک اہم بات ہے کانووکیشن کے مہمان خصوصی برلا نے فارغ التحصیل طلباء کو ان کی کامیابیوں پر مبارکباد پیش کی اور ان کے روشن مستقبل کی خواہش کا اظہار کیا ۔انہوں نے آئی آئی آئی ٹی، کوٹہ کے محنتی اور ہونہار طلباء کی کوششوں اور ان کی رسمی تعلیم کی کامیاب تکمیل میں ان کے والدین اور اساتذہ کے بے پناہ تعاون کی تعریف کی۔
مسٹر برلا نے قدیم ہندوستان میں گروکلوں اور تعلیم کی بھرپور ثقافت کا تذکرہ کیا جس نے طلباء کو نہ صرف تعلیم بلکہ زندگی کی مہارتیں بھی فراہم کیں، جس سے زندگی کے تمام شعبوں میں ان کی مجموعی ترقی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ طلباء میں نئی سوچ کی حوصلہ افزائی اور نشوونما کی جانی چاہیے جس کے نتیجے میں وہ جدت کو اپنائیں گے، ایک نیا مستقبل بنائیں گے اور معاشرے میں مثبت تبدیلی کا سامان بنیں گے۔
لوک سبھا کے اسپیکر نے یہ بھی کہا کہ تکنیکی ایجادات اور اختراعات کے موجودہ دور میں ہندوستانی نوجوان عالمی تکنیکی ترقی میں نمایاں اور اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ جاپان، کینیڈا اور مختلف یوروپی ممالک کے اپنے دوروں کے دوران اپنے تجربات کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے ذکر کیا کہ ہندوستانی نوجوان پوری دنیا میں ٹیکنالوجی، اختراع، مصنوعی ذہانت اور اسٹارٹ اپس میں انقلاب کی قیادت کر رہے ہیں۔ اس عالمی قیادت کو ہمارے نوجوانوں کے عزم اور بے مثال مہارت سے منسوب کرتے ہوئے مسٹر برلا نے ہندوستان کو تکنیکی اختراعات میں قائد بنانے میں آئی آئی آئی ٹی کوٹہ جیسے باوقار اداروں کے ذریعہ ادا کیے گئے اہم رول کا بھی ذکر کیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے ایک خوشحال، ترقی یافتہ ملک کے خواب کو پورا کرنے کے لیے طلباء کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسٹر برلا نے طلبا سے کہا کہ وہ اپنی تکنیکی مہارتوں کا استعمال کرتے ہوئے ہندوستان کو عالمی ترقی میں ایک رہنما بنائیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ امرت کال کے موجودہ دور میں بے پناہ مواقع دستیاب ہیں اور عالمی برادری عالمی چیلنجوں کے حل کے لیے ہندوستان کی طرف دیکھ رہی ہے۔ نوجوانوں کو غیر متزلزل ایمان کے ساتھ مستقبل کی رکاوٹوں کا سامنا کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے مسٹر برلا نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی پرعزم کوششوں سے ہی ایک مضبوط اور پرعزم ہندوستان کی بنیاد رکھی جائے گی۔
ملک میں حالیہ تکنیکی ترقی کے بارے میں بات کرتے ہوئے لوک سبھا کے اسپیکر نے یو پی آئی پلیٹ فارم کی کامیابی پر روشنی ڈالی، جسے دنیا بھر میں سراہا گیا ہے اور وہاں کے رہنما اسے اپنے ترقی یافتہ ممالک میں اپنانے کے لیے بے چین ہیں۔ مسٹر برلا نے یہ بھی کہا کہ اس کے مقابلے میں سڑک پر دکاندار، سبزی فروش اور غیر رسمی شعبے کے لوگوں نے بھی ہندوستان میں بڑے پیمانے پر یو پی آئی کو اپنایا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کے نوجوانوں کی سرگرمی کے نتیجے میں ترقی یافتہ ممالک میں جس چیز کی بہت زیادہ مانگ ہے وہ اب ہندوستان میں روزمرہ کی زندگی میں سرایت کر گئی ہے۔
مسٹر برلا نے طلباء پر زور دیا کہ وہ اپنے انسٹی ٹیوٹ کے آس پاس کے دیہاتوں میں سماجی شعبے میں اپنا کردار ادا کریں اور گاؤں کے بچوں اور نوجوانوں کو تعلیم اور ترغیب دے کر ملک کی تعمیر میں اپنا رول ادا کریں۔ اس طرح ان گاؤں کے ساتھ ساتھ پورے ملک کی زندگی میں بہتری آئے گی۔
آخر میں مسٹر برلا نے طلباء کو مبارکباد پیش کی اور اس بات پر زور دیا کہ کانووکیشن کی تقریب خود شناسی، تحریک اور نئی شروعات کا ایک موقع ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ دن ان کے لیے یادگار رہے گا اور معاشرے اور قوم کی بہتری کے لیے جوش و خروش کے ساتھ کام جاری رکھنے کی ترغیب دے گا۔