بارہمولہ میں دو منشیات فروشوں کی غیر منقولہ جائیدادیں ضبط:پولیس

0
0

سری نگر، // منشیات فروشوں کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں دو بد نام زمانہ منشیات فروشوں کی لاکھوں روپیے مالیت کی غیر منقولہ جائیدادوں کو ضبط کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ بارہمولہ پولیس نے دو منشیات فروشوں کی قریب 60 لاکھ روپیے لاگت کی جائیدادوں جن میں ایک یک منزلہ رہائشی مکان اور ایک دو منزلہ شاپنگ کمپلیکس شامل ہے، کو قرق کر دیا۔
انہوں نے ان منشیات فروشوں کی شناخت محمد ایوب شاہ اور غلام محمد شاہ عرف گلشن پسران عبد الخالق ساکن لڈورہ رفیع آباد بارہمولہ کے طور پر کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ کارروائی این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت انجام دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے دوران جائیداد کی شناخت غیر قانونی طور حاصل شدہ جائیداد کے طور پر ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا: ‘یہ جائیداد پہلی نظر میں منشیات فروشوں کی طرف سے نشہ آور اور ادویات اور سائیکو ٹراپک مواد کی غیر قانونی اسمگلنگ سے حاصل کی گئی تھی’۔بیان کے مطابق لوگوں نے پولیس کی اس کارروائی کی سراہنا کی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بارہمولہ میں سال رواں کے پہلے مہینے یعنی ماہ جنوری کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 24 مقدمے درج کرکے 3 سخت گیر منشیات فروشوں سمیت 39 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے اور ان کی تحویل سے لاکھوں روپیوں کا نشہ آور مواد ضبط کیا ہے۔
ضلع میں منشیات کے خلاف وسیع پیمانے پر جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے سال 2023 کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 264 مقدمے درج کرکے 464 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا