یواین آئی
جموں؍؍جموں وکشمیر کے ادھم پورضلع کے چنانی علاقے میں تین مزدوروں کی پر اسرار حالت میں موت واقع ہوئی ہے۔اطلاعات کے مطابق ادھم پور ضلع کے چنانی کے کالوری علاقے میں ایک پرائیوٹ کمپنی میں کام کرنے والے تین مزدوروں کی لاشیں پر اسرار حالت میں برآمد ہوئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران پتہ چلا ہے کہ متوفین نے سونے سے قبل گرمی کی خاطر آگ جلائی اور دم گھٹنے کے باعث تینوں کی موت واقع ہوئی ہوگی۔معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے تینوں مزدوروں کی لاش تحویل میں لے کرطبی لوازمات کی خاطر انہیں سب ضلع ہسپتال منتقل کیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ متوفین کی شناخت کے لئے کارروائی شروع کی گئی ہے۔
دریں اثنا مقامی لوگوں نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات ہونی چاہئے۔انہوں نے بتایا کہ پرائیوٹ کمپنی میں کام کرنے والے تین مزدور ٹاور کی تنصیب کے کام پر مامور تھے اور پیر کی صبح تینوں کی لاشیں پر اسرار حالت میں برآمد کی گئیں۔انہوں نے مزید بتایاکہ تینوں کی کن حالات میں موت واقع ہوئی اس کی تحقیقات کے لئے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم کا قیام عمل میں لایا جانا چاہئے۔