قرآت سے فارغ 17 طالبات کی ردا پوشی ہونا طے، اہلِ اسلام کی خواتین سے شرکت کی اپیل
پونچھ؍؍ مرکزی زیر انتظام جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل حویلی کے بلاک ننگالی صاحب سائیں بابا کے جنیار ڈینگلہ میں قائم جماعتِ اہلِ سنت کے بچیوں کے منفرد ادارہ جامعہ فاطمۃ الزہرہ میں ہر سال کی طرح امسال بھی 24 فروری 2024 بروز ہفتہ کو علمائے کرام کی اجتماعی مشاورت سے سیدہِ کائنات کانفرنس منعقد ہونا طے پائی ہے جس میں امسال قرآت سے فارغ 17 طالبات کی ردا پوشی کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔
اس ضمن میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ادارہ کے ناظم اعلیٰ سید آفتاب حسین شاہ نے بتایا کہ گزشتہ روز علمائے کرام کی مشاورت سے انہوں نے علاقہ کی عوام کا ایک اجلاس طلب کیا اور علمائے کرام کی اجتماعی مشاورت سے فیصلہ لیا کہ 24 فروری 2024 بروز ہفتہ امسال حضرت فاطمہؓ کے نام سے منسوب ادارہ ہذا میں سیدہ کائناتؓ کانفرنس کا اہتمام کیا جائے گا جس میں 17 قرآت سے فارغ طالبات کی ردا پوشی کی جائے گی جبکہ اس موقع پر نامور عالمہ و فاضلہ خواتین تشریف لاکر اجلاس سے خطاب کریں گی۔اس ضمن میںانہوں نے اہلِ اسلام کی خواتین سے اپیل کہ کہ وہ یہاں پہنچ کر ردا پوشی کی تقریب میں حصہ لیں اور بچیوں کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ مستقبل میں ہماری بچیاں اسلامی تعلیمات کی اور راغب ہوں اور دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر پائیں۔
انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں کھانے پینے کا معقول بندوبست رہے گا اور اس کے علاوہ خواتین زیادہ سے زیادہ شرکت کر ادارہ کی کارکردگی بھی دیکھیں جہاں اس وقت بھی 345 سے زائد طالبات ملک کے کونے کونے سے زیرِ تعلیم ہیں جن کے قیام و طعام و پردہ پوشی کا سارا انتظام جامعہ ہذا کی جانب سے کیا جاتا ہے۔