نئی دہلی، // وزیراعظم نریندر مودی نے روزگار میلے کے تحت ایک لاکھ سے تقری نامے تقسیم کئے جانے کے موقع پر کہا کہ آج ایک لاکھ سے زیادہ نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں کے لیے تقررنامے دیے گئے ہیں۔ آپ نے محنت سے یہ کامیابی حاصل کی ہے۔ میں انہوں نے تقرری نامے حاصل کرنے والوں اور ان کے اہل خانہ کو بارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہند کی طرف سے نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کرنے کی مہم تیز رفتاری سے جاری ہے۔ پہلے کی حکومتوں میں نوکری کے اشتہار کے اجراء سے لے کر تقرر نامہ جاری کرنے میں کافی وقت لگتا تھا۔ اس تاخیر کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس دور میں رشوت خوری کا کھیل بھی عروج پر تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے اب حکومت ہند میں بھرتی کے عمل کو مکمل طور پر شفاف بنا دیا ہے۔ یہی نہیں بلکہ حکومت اس بات پر مصر ہے کہ بھرتی کا عمل مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے۔ اس سے ہر نوجوان کو اپنی صلاحیت ثابت کرنے کے یکساں مواقع ملنے لگے ہیں۔ آج ہر نوجوان کے ذہن میں اس بات کا یقین ہے کہ وہ محنت اور اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر اپنا مقام بنا سکتا ہے۔ 2014 سے ہماری کوشش رہی ہے کہ نوجوانوں کو حکومت ہند سے جوڑیں اور انہیں ملک کی تعمیر میں حصہ دار بنائیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کی حکومت نے اپنے 10 برسوں کے دوراقتدار میں سابقہ حکومت نے اپنے پچھلے 10 برسوں کے مقابلے تقریباً ڈیڑھ گنا زیادہ سرکاری نوکریاں دی ہیں ۔ آج دہلی میں ایک مربوط تربیتی کمپلیکس کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا ہے۔ وزیراعظم نے اس یقین کا اظہار کیا کہ نیا ٹریننگ کمپلیکس ہماری استعداد کار بڑھانے کے اقدامات کو مزید تقویت دے گا۔
مسٹر نریندر مودی نے کہا کہ آج حکومت کی کوششوں سے ملک میں نوجوانوں کے لیے نئے نئے شعبے کھل رہے ہیں۔ ان شعبوں میں حکومت کی طرف سے شروع کی گئی نئی مہمات کی وجہ سے روزگار کے بہت سے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ آپ نے دیکھا ہوگا کہ اس بجٹ میں ایک کروڑ خاندانوں کے لیے چھت پر شمسی توانائی کی اسکیم کا اعلان کیا گیا ہے۔ اب چھت پر شمسی پینل لگانے والوں کو دوہرا فائدہ ملے گا۔ ان کا بجلی کا بل صفر ہوگا اور وہ جو اضافی بجلی پیدا کریں گے اس سے آمدنی بھی ہوگی۔ چھت کے اوپر شمسی بجلی لگانے کی اتنی بڑی اسکیم سے ملک میں روزگار کے لاکھوں نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ کوئی شمسی پینل کا کام کرے گا، کوئی بیٹری سے متعلق کاروبار میں جائے گا، کوئی وائرنگ کا کام سنبھالے گا، اس ایک اسکیم سے کئی سطحوں پر روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج ہندوستان میں دنیا کا تیسرا سب سے بڑا اسٹارٹ اپ ماحولیاتی نظام ہے۔ ملک میں اسٹارٹ اپس کی تعداد اب تقریباً 1.25 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ مسٹر مودی نے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی کہ ان سٹارٹ اپس کی ایک بڑی تعداد چھوٹے ٹائر-2، ٹائر-3 شہروں میں ہو رہی ہے جو کہ ضلعی مراکز بھی نہیں ہیں۔ ان اسٹارٹ اپس میں نوجوانوں کے لیے لاکھوں نوکریاں پیدا کی جارہی ہیں۔ اس بار کے بجٹ میں اسٹارٹ اپس کو دی گئی ٹیکس چھوٹ میں توسیع کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ ہمارے نوجوانوں کو اس سے بہت فائدہ ہوگا۔ بجٹ میں تحقیق اور اختراع کے لیے ایک لاکھ کروڑ روپے کا نیا فنڈ بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
مسٹر مودی نے کہا کہ آج اس روزگار میلے کے ذریعے ہندوستانی ریلوے میں بھی بھرتیاں ہورہی ہیں۔ جب بھی لوگوں کو اپنے خاندان کے ساتھ طویل سفر پر جانا ہوتا ہے، تب ہندوستانی ریلوے عام خاندان کی پہلی پسند ہوتی ہے۔ انڈین ریلویز آج ایک بڑی تبدیلی سے گزر رہی ہے۔انڈین ریلویز اس دہائی کے آخر تک مکمل طور پر تبدیل ہونے والا ہے۔ آپ کو یاد ہوگا، 2014 سے پہلے ریلوے کی کیا حالت تھی۔ بجلی کی فراہمی ہو یا ریلوے لائنوں کی ڈبلنگ، ٹرینوں کے آپریشن میں بہتری، یا مسافروں کے لیے سہولیات میں اضافہ، سابقہ حکومتوں نے اس پر اتنی توجہ نہیں دی جتنی کہ دی چاہیے۔ پہلے کی حکومتیں عام ہندوستانی کے مسائل سے لاتعلق تھیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ 2014 کے بعد ہم نے ریل کے سفر کے پورے تجربے کو نئے سرے سے ایجاد کرنے کی مہم شروع کی۔ ہم نے ریلوے کی جدید کاری اور اپ گریڈیشن پر توجہ دی۔ اس بار آپ نے بجٹ میں بھی دیکھا ہوگا کہ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وندے بھارت ایکسپریس جیسی 40 ہزار جدید بوگیاں تیار کرکے انہیں عام ٹرینوں میں شامل کیا جائے گا ۔ اس سے عام مسافروں کا سفر زیادہ آسان ہو جائے گا۔
مسٹر مودی نے کہا کہ جب ملک میں کنیکٹوٹی پھیلتی ہے، تو یہ بیک وقت بہت سی چیزوں کو متاثر کرتی ہے۔ بہتر رابطے کے ساتھ نئی منڈیاں بننا شروع ہو جاتی ہیں اور سیاحتی مقامات تیار ہوتے ہیں۔ بہتر کنیکٹیویٹی نئے کاروبار پیدا کرتی ہے اور روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا کرتی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ اچھے رابطے کا ملک کی ترقی پر براہ راست اثر پڑتا ہے۔ ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کے لیے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ اس بجٹ میں بنیادی ڈھانچے کے لیے 11 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ بنیادی ڈھانچے پر اتنا بڑا خرچ سڑک، ریل، ہوائی اڈہ، میٹرو، بجلی جیسے ہر منصوبے کو تیز کرے گا۔ اس سے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج جن نوجوانوں کو تقررنامے ملے ہیں، ان میں سے بڑی تعدادپیرا ملٹری فورس کا حصہ بننے جا رہی ہے۔ یہ اپنے آپ میں نوجوانوں کی ایک بڑی خواہش ہے جو پوری ہو رہی ہے۔ پچھلے کچھ برسوں میں پیرا ملٹری فورس میں بھرتی کے عمل میں اصلاحات کی گئی ہیں۔ تحریری امتحان ہندی اور انگریزی کے علاوہ 13 زبانوں میں منعقد کرنے کا فیصلہ اس سال جنوری سے نافذ کیا گیا ہے۔ اس نے لاکھوں شرکاء کو اپنی صلاحیت ثابت کرنے کا مساوی موقع فراہم کیا ہے۔ سرحد پر واقع اضلاع اور عسکریت پسندی سے متاثرہ اضلاع کا کوٹہ بھی بڑھا دیا گیا ہے۔
مسٹر نریندر مودی نے کہا کہ ترقی یافتہ ہندوستان کے سفر میں ہر سرکاری ملازم کا بہت بڑا حصہ ہوگا۔ آج ایک لاکھ سے زائد ملازمین جو ہمارے ساتھ شامل ہو رہے ہیں اس سفر کو نئی توانائی اور رفتار دیں گے۔ آپ جس بھی شعبہ میں کام کرتے ہیں، یاد رکھیں کہ آپ کا ہر دن ملک کی تعمیر کے لیے وقف ہونا چاہیے۔ تمام سرکاری ملازمین کی صلاحیت سازی کے لیے حکومت ہند نے کرم یوگی بھارت پورٹل بھی شروع کیا ہے۔ اس پورٹل پر مختلف مضامین سے متعلق 800 سے زیادہ کورسز دستیاب ہیں۔ اب تک 30 لاکھ سے زیادہ صارفین اس پورٹل سے جڑ چکے ہیں۔ آپ سب کو بھی اس پورٹل سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے اور اپنی صلاحیتوں کو بڑھانا چاہیے۔
وزیراعظم نے تقرری نامے حاصل کرنے والوں سے اس خواہش کا اظہار کیا کہ آپ تقرر نامے حاصل کریں، اپنے روشن مستقبل کی امید رکھیں اور اپنے کیریئر کے ہر مرحلے پر ملک کو کچھ نہ کچھ دے کر آگے بڑھیں۔ ملک کی ترقی میں اپنا تعاون دے کر آگے بڑھیں۔ سمٹر مودی نے ان سب کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا وار ان کے اہل خانہ کے لیے بھی بہت سی نیک خواہشات پیش کیں ۔