سری نگر، // ایس ایس پی بارہمولہ امود ناگپور کا کہنا ہے کہ سماج دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لئے جدید طریقہ کار اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے یہ باتیں ضلع پولیس لائنز بارہمولہ کے کانفرنس ہال میں منعقدہ ایک آپریشنز اور جرائم کی جائزہ میٹنگ کی صدارت کرنے کے دوران کیں۔
ایک پولیس ترجمان کے مطابق اس میٹنگ میں ایس پی آپریشنز بارہمولہ فیروز یحیٰ اور ایس پی بارہمولہ یاسر قادری کے علاوہ پولیس کے دیگر اعلیٰ افسروں نے بھی شرکت کی۔
انہوں نے کہا: ‘موصوف ایس ایس پی نے میٹنگ کے دوران ایک پر امن معاشرے کی تشکیل کو یقینی بنانے کے لئے سیکورٹی خدشات اور جرائم سے نمٹنے کے لئے موجودہ طریقہ کار کو اوور ہال کرنے کو اولین ترجیح دی؛۔
امود ناگپور نے کہا کہ لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے پولیس محکمہ پر عزم ہے۔
پولیس بیان میں کہا گیا کہ میٹنگ میں گفتگو کے دوران منشیات کی بدعت کے خلاف زیرو ٹالینرنس کی پالیسی اختیار کرنے پر زور دیا گیا اور منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائیاں انجام دینے کی سخت تاکید کی گئی تاکہ منشیات اسمگلنگ کے چلینج کا مقابلہ کیا جا سکے اور ضلع میں امن و آشتی کے قیام کو یقینی بنایا جا سکے۔
ایس ایس پی نے تحقیقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے زیر التوا مقدمات کے فوری طور حل پر زور دیا۔
انہوں نے عوامی مرکز کے اپروچ کو اختیار کرکے خدمت پر مبنی پولیسنگ کی وکالت کی اور پولیس اور عوام کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنےکی ضرورت پر زور دیا تاکہ عوام اور پولیس کے درمیان فاصلہ ختم ہو سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ سماج دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لئے اختراعی میکانزم اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔
موصوف ایس ایس پی نے زور دے کر کہا کہ پولیس کی کاوشوں کو کامیاب بنانے کے لئے عوام کا تعاون انتہائی ضروری ہے تاکہ زمینی سطح پر عوامی شکایات کو حل کیا جاسکے۔
انہوں نے ایک قومی سیکورٹی کی ضرورت کا اجاگر کرتے ہوئے افسروں سے گرائونڈ ایجنسیوں کے ساتھ تعاون بڑھانے کی تاکید کی۔
ان کا کہنا تھا: ‘ فعال اپروچ اختیار کرنے کا مقصد انسداد دہشت گردی گرڈ کو مضبوط کرنا، مخصوص انٹلی جنس پیدا کرنا اور ضلع میں امن و استحکام کے لئے کارروائیوں کو تیز کرنا ہے’۔