کلکتہ // وزیراعلیٰ ممتا بنرجی گرچہ بنگال میں اکیلے انتخاب لڑنے کا اعلان کیا ہے تاہم بھارت جوڑو نیائے یاترا میں مصروف راہل گاندھی نے آج کہا ہے کہ بنگال میں اتحاد کا امکان ختم نہیں ہوا۔ جو مسئلہ ہے وہ جلد حل ہو جائے گا۔جب کہ راہل گاندھی کے اس دعویٰ کو ممتا بنرجی نے تھوڑی دیر میں رد کردیا اور ان پر طنز کیا کہ وہ بنگال میں فوٹو شوٹ کر رہے ہیں۔
راہل نے جمعہ کو دوپہر ایک بجے کے قریب اپنے ایکس ہینڈل پر ایک ویڈیو پوسٹ کیا ہے۔جس میں وہ پارٹی لیڈروں اور ورکروں سے بات کررہے ہیں ۔کچھ نوجوانوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے راہل بنگال میں اتحاد پر تبصرہ کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں ۔ان سے بنگال میں اپوزیشن اتحاد’’انڈیا‘‘ کے مستقبل کے بار ے میں سوال کیا گیا ۔راہل گاندھی نے جواب دیا کہ ’’ہم یہ نہیں کہہ رہے ہیں کہ کوئی اتحاد نہیں ہے۔ ممتا بنرجی بھی نہیں کہہ رہی ہیں۔ اتحاد کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔ اسے جلد ہی حل کر لیا جائے گا۔‘‘
حالانکہ راہل کے یہ کہنے کے باوجود ترنمول لیڈر ممتا نے جمعہ کو اپنے پلیٹ فارم سے کانگریس پر حملہ جاری رکھا۔ مجھے بنگال میں اتحاد کی ضرورت نہیں ہے،ممتا نے ایک بار پھر کہا جو وہ پچھلے کچھ دنوں سے اتحاد کے بارے میں بار بار کہتی رہی ہیں۔
ممتابنرجی نے اس سے قبل کانگریس کے ساتھ سیٹ شیئرنگ کے معاملے کی جانکاری دی تھی۔ ممتا نے کہا کہ میں نے ان سے کہا کہ مالدہ میں دو سیٹیں چھوڑ دیں۔ اور میں نے کہا کہ ہم جیتنے میں مدد کریں گے۔ لیکن وہ ایسا نہیں کریں گے۔ وہ زیادہ سیٹیں چاہتے ہیں۔ اس کے بعد ممتابنرجی نے ایک بار پھر واضح کیا کہ ترنمول کانگریس بنگال میں اکیلے لڑے گی۔
دوسری طرف راہل گاندھی بنگال میں ممتا بنرجی کے اکیلے چلو کے اعلان کے باوجود پرامید ہیں ۔تاہم ممتا بنرجی لگاتار کانگریس کی تنقید کررہی ہیں ۔یواین آئی۔نور