کولمبو، // جمعہ کو شروع ہونے والے واحد ٹیسٹ میچ کے پہلے دن افغانستان کو 198 رن پر آؤٹ کرنے کے بعد سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں بغیر کوئی وکٹ کھوئے 80 رن بنائے۔
آج دن کا کھیل ختم ہونے تک سری لنکا کی جانب سے نشان مدوشکا کے ناٹ آؤٹ 36 رنز اور دیموتھ کرونارتنے کے ناٹ آؤٹ 42 رنز کی مدد سے اوپننگ جوڑی نے 14 اوورز میں ٹیم کے لیے 80 رنز بنائے تھے۔
اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پہلے بیٹنگ کے لیے آنے والے افغانستان کی شروعات انتہائی خراب رہی اور پہلے ہی اوور میں اوپنر ابراہیم زدران کی وکٹ گنوا بیٹھی۔ انہیں اسیتھا فرنینڈو نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے رحمت شاہ نے نور علی زدران کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔ دونوں کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 56 رنز کی شراکت ہوئی۔
نور علی زدران 31 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ نور کو بھی اسیتھا فرنینڈو نے آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ افغانستان کی جانب سے رحمت شاہ نے سب سے زیادہ 91 رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان حشمت اللہ شاہدی 17 رنز، اکرام علی خیل 21 رنز، قیس احمد 21 رنز اور نزات مسعود 12 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ افغانستان کی پوری ٹیم 62.4 اوورز میں 198 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
سری لنکا کی جانب سے وشوا فرنینڈو نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ اسیتھا فرنینڈو اور پربھات جے سوریا نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔