انجمن امدادالمسلمین دابھول کے زیر اہتمام شاندار مسابقہ ناظرہ قرآن و حفظ عم پارہ اختتام پذیر

0
0

جب تک مسلمانوں کی انفرادی و اجتماعی زندگی قرآن کے سانچے میں نہیں ڈھلے گی، ان کی ذلت و خواری کا یہ دور ختم نہیں ہو گا ۔ مولانا حلیم اللہ قاسمی
رائےگڈھ/.. انجمن امدادالمسلمین دابھول مہاڈ ضلع رائیگڈھ کے زیر اہتمام شاندار مسابقہ ناظرہ قرآن مجید وحفظ عم پارہ انعقاد میں عمل میں آیا اس نورانی مسابقہ قرآن مجید کی صدارت مفکر ملت ، نباض قوم حضرت مولانا حلیم اللہ قاسمی صاحب دامت برکاتہم العالیہ جنرل سیکریٹری جمیعت علماء مہاراشتر کے سپرد تھی جبکہ مہمان خصوصی کے طور پر حضرت اقدس مفتی حفیظ اللہ صاحب دامت برکاتہم العالیہ ناظم تنظیم جمیعت علماء مہاراشتر کی شمولیت ہوئی اس شاندار مسابقہ قرآن میں جہاں خطہ کوکن کے تیس بستیوں کے بتیس سے زائد طلبا و طالبات پوری مستعدی اور جوش خروش کے ساتھ اپنی قسمت آزمائی کے لئے شریک مسابقہ ہوئے تو وہیں دوسری طرف خطہ کوکن کے بے شمار علما ، ائمہ مساجد ، سیاسی سماجی شخصیات اور دانشوران قوم و ملت کی بڑی تعداد شریک اجلاس ہوکر بچوں کے دلچسپ اور خو بصورت پروگرام سے خوب محظوظ ہوئے ۔
تقریب محفل قرآن کا آغاز معاویہ بگے متعلم مدرسہ تعلیم الاسلام دابھول کی تلاوت قرآن اور ایک طالب علم کی پر سوز نعت نبی سے ہوا جبکہ نظامت کے فرائض خود انجمن امدادالمسلمین دابھول کے صدر مفتی اصغر کھوپٹکر صاحب نے انجام دی ۔
یہ مسابقہ ناظرہ قرآن مجید اپنی نوعیت کا ایک انوکھا پروگرام تھا قرآن کی نسبت سے قائم یہ عظیم الشان مسابقے میں جہاں اول دوم ، سوم اور چہارم تک کے امتیازی نمبرات حاصل کرنے والے بچے اور بچیاں بیش بہا انعامات سے نوازے گئے تو وہیں انکے اساتذہ کرام کو بھی خوبصورت اور بیش قیمتی ڈیجیٹل گھڑی دیکر حوصلہ افزائی کی گئی۔
اجلاس کے اخیر میں مہمان خصوصی حضرت مفتی حفیظ اللہ صاحب علم کی اہمیت و افادیت اور قرآن کریم کی فضیلت پر بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا یہ دور مسابقت کا ہے اسلئے ہمہ وقت ہمیں اپنے آپ کو تیار رکھنا ہوگا چونکہ تمام تعلیمات میں قرآن کریم کو مرکزی حثیت حاصل ہے اسلئے اس کے حصول میں ذرہ برابر بھی کوتاہی ہمارے لئے باعث خسارہ ہوسکتا ہے۔
وہیں صدر اجلاس حضرت اقدس مولانا حلیم اللہ قاسمی صاحب نے اپنی خصوصی خطاب میں فرزندان توحید کی ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر سے عصر حاضر میں سماج اور معاشرے کی گرتی ساکھ ، بے دینی کا بڑھتا رجحان ، تعلیمات قرآنیہ سے امت مسلمہ کی بیزاری اور قوم کی بچیوں کی بے راہ روی جیسے سلگتے مسائل پر کھل کر اپنی بات رکھی اور امت کے ہر فرد بشر کو اس بات پر جھنجھوڑتے نظر آئے کہ آج بھی کچھ بگڑا نہیں ہے بس کچھ تاخیر ہوگئی ہے ہم ماضییات کو بھول کر فکر فردا میں اپنی زندگی کا قبلہ درست جہت پر لانے کوشش کریں اگر آج بھی امت مسلمہ دین اسلام اور طریقہ محمدی کہ راہ نہیں اپناتیں تو اس قوم کو ظلمت و ضلالت کی تاریک راہوں اور قعر مذلت کی عمیق کھائی میں گرنے سے کوئی نہیں بچا سکتا یقینا موصوف کا عصر جدید کے پس منظر میں یہ بیان ہر آئینہ قوم و ملت کے لئے ایسا پیغام تھا جو خال خال سچائی سے لبریز نظر آرہی تھی۔
بعدہ مفتی اصغر کھوپٹکر صدر انجمن امدادالمسلمین دابھول جو اس بڑے مسابقہ قرآن مجید کے اصل آرگنائز بھی تھے موصوف نے آئے تمام مشارکین مسابقہ اور اساتذہ کو انکی حسن کارکردگی مبارکباد دی اور مستقبل میں اس طرح کے پروگرام کا انعقاد ہر گاؤں میں ہو اسکے لئے انہوں نے عوام الناس اپیل بھی کی اخیر میں صدر اجلاس مولانا حلیم اللہ قاسمی اور دیگر معزز علماء کرام کے ہاتھوں مسابقہ ناظرہ قرآن میں امتیازی پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کے درمیان انعامات تقسیم کئے گئے۔
واضح رہے یہ انعامات بچوں اور اساتذہ کی حوصلہ افزائی کے لئے مخلتف سرکردہ شخصیتوں کیجانب سے دیئے گئے تھے جسمیں پہلا انعام خوبصورت پرسنل کمپیوٹر کے شکل میں محترم بشیر بھائی حجوانے چیئرمین حجوانی فاؤنڈیشن ادلے کھیڈ کیجانب سے تھا دوسروں انعام لیپ ٹاپ کی شکل میں خطہ کوکن کے ہی ایک فلاحی تنظیم کیجانب سے دیئے گئے تیسرا انعام سات ہزار کی ڈیجیٹل گھڑی اسماعیل بھائی ماٹونکر دابھول کیجانب سے جبکہ چوتھا انعام پانچ ہزار کی گھڑی فیروز دیشمکھ فاؤنڈیشن کیجانب سے دیئے گئے۔
آخیر میں صدر اجلاس حضرت مولانا حلیم اللہ قاسمی کی رقت آمیز دعاؤں اور مفتی اصغر کھوپٹکر صدر انجمن امدادالمسلمین کے کلمات تشکر کے ساتھ مسابقہ کے اختتام کا اعلان کیا گیا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا