اللہ اور رسول اللہ کی محبت کے بغیر کوئی کامل مومن نہیں ہوسکتا : مولانا سید ازہر مدنی

0
0

افرادی قوت سے جمعیۃعلماء کو مستحکم بنائیں : مولانا حلیم اللہ قاسمی
ممبئی 31؍جنوری جمعیۃعلماء وڈالا و سیوڑی کے زیر اہتمام سیرت النبی ﷺ و پیام انسانیت کانفرنس کے موقع پرجمعیۃعلماء ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی کے فرزند مولانا سید ازہر مدنی ناظم اصلاح معاشرہ جمعیۃعلماء ہندنے ہزاروں کے مجمع سے خطاب کرتے ہوئے اسلام کی پانچ بنیادی چیزوں اورسیرت النبی ﷺ ، تعلیمات نبوی ؐاور اطاعت والدین پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
مولانا سید ازہر مدنی نے فرمایا کہ رسول اللہ ﷺ سے محبت کے بغیر کوئی رضا الٰہی حاصل نہیں کرسکتا ہے۔ اس کا تقاضایہ ہے کہ ایک مومن اپنے اہل وعیال، مال ودولت، خویش اقارب اور دنیا کی دوسری تمام چیزوں سے زیادہ محبت اللہ تعالی، رسول اکرمﷺکی ذات اور دین متین سے کرے۔اگر کسی دوسرے سے محبت کرتا ہو؛ تو وہ محبت بھی اللہ کی خاطر ہو؛جب تک اللہ اور اللہ کے رسولﷺاور دین سے سب سے زیادہ محبت نہیں ہوگی، کوئی بھی شخص کامل مومن نہیں ہوسکتا ہے۔
مولانا مدنی نے والدین کی اطاعت و فرمانبرداری اور ان کی خدمت پر بھی اولاد کی توجہ مبذول کرائی ،اور کہا کہ یہی ہمارے اس دنیا میں آنے کا سبب بنے ہیں بلکہ آج جو کچھ بھی ہے انہی کی بدولت ہے ۔ والدین اپنی اولاد کے لئے ہر طرح کی تکلیف ،دکھ ،مشقت کو برداشت کرتے ہیں ،اور کبھی تو اپنے آرام ا ورخوشی کو بھی قربان کردیتے ہیں ۔بہت ہی خوش نصیب ہیں وہ اولاد جو اپنے والدین کو راضی کرکے رب کی خوشنودی حاصل کر لیتے ہیں۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء مہاراشٹر نےحاضرین سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ نبی پاکؐ نے انس بن مالک ؒ ؐ کو تعلیم دی کہ اگر تم سے ہوسکے کہ تیری صبح و شام اس حال میں ہو کہ تیرے دل میں کسی کی طرف سے کینہ نہ ہو ،حسد نہ ہو ،دغا نہ ہو،کسی طرح کا میل نہ ہو ،تو تو یہ ضرور کر ،یہ میری سنت و سیرت ہے ۔جو میری سنت سے محبت رکھتا ہے وہ مجھ سے محبت رکھتا ہے اور جو مجھ سے محبت رکھتا ہے وہ میرے ساتھ جنت میں ہوگا۔
مولانا نے جمعیۃعلماء ہند کی ممبر سازی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دیتے ہوئے فرمایا کہ ہم ایک چھوٹی سی ممبری کی پرچی کے ذریعہ اکابر اولیاء اللہ کے ساتھ اپنی نسبت کو جوڑیں ۔اور اس بات کی فکر کریں کہ جمعیۃعلماء کےاغراض و مقاصد سے اتفاق رکھنے والا ہر مسلمان بالغ مرد و عورت اس کا ممبر بنے۔ تاکہ افرادی قوت سے جماعت کو استحکام ملے۔
مفتی سفیان نیاز ونو (کونسلر )نےملک بالخصوص شہر ممبئی کے موجودہ حالات کے پس منظر میں اپنے مختصر و جامع خطاب میں سوشل میڈیا کے مثبت انداز میں استعمال اور نسل نو کی ممکن نگہداشت کی طرف توجہ دلائی ۔
اس موقع پرمولانا بشیر احمد قاسمی نے بھی حاضرین سے خطاب کیا۔مفتی محمد سلیم نےجمعیۃعلماء حلقہ وڈالا و سیوڑی کے آئندہ کے عزائم و منصوبےسے لوگوں کو آگاہ کیا ۔نظامت کے فرائض مفتی حفیظ اللہ قاسمی ناظم جمعیۃ علماء مہاراشٹر نے بخوبی انجام دیا ۔ جبکہ ترانہ جمعیۃ مولانا محمد عرفان قاسمی اور قاری محمد شاہد نےپیش کیا اور نعت شریف کا نذارانہ قاری محمد عرفان نے پیش کیا۔جبکہ کنوینر کی ذمہ داری مولانا معراج احمد قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء وڈالاو سیوڑی نے بحسن و خوبی نبھائی۔اور مولانا رشید اللہ قاسمی صدر جمعیۃ علماء وڈالا وسیوری نے تمام مہمانوں ، سامعین اور اراکین و منتظمین کا شکر یہ ادا کیا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا