بی جے پی ذات اور مذہب کی سیاست نہیں کرتی :راج ناتھ
یواین آئی
مہراج گنج مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت بنانے کے لئے بلکہ ملک بنانے کے لئے سیاست کرتی ہے جبکہ کانگریس ملک سے غداری کے قانون کو ختم کرنے کی وکالت کرکے کھلے عام ملک توڑنے والوں کے ساتھ کھڑے ہونے کا پیغام دے رہی ہے ۔نچلول کے راجہ رتن سین انٹر کالج کے کھیل کے میدان میں بی جے پی امیدوار پنکج چودھری کے حق میں منعقد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہا کہ کانگریس کا کہنا ہے کہ اقتدار ملا تو وہ ملک سے غداری کے قانون کو ختم کر دے گی لیکن بی جے پی اس قانون کو اتنا سخت بنائے گی کہ ملک سے غداری کی بات سوچنے سے پہلے ان کی روح کانپ جائے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی ذات اور مذہب کی سیاست نہیں کرتی، بی جے پی نے پانچ سال سب کا ساتھ سب کا وکاس کی پالیسی پر حکومت چلائی اور ملک کو خوشحال بنایا۔ بی جے پی ملک کو خوشحال ہی نہیں بلکہ طاقتور اور تعلیم یافتہ بنانا چاہتی ہے ۔بی جے پی لیڈر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے اپوزیشن مایوس ہے ۔ لہذا وزیر اعظم پر ذاتی حملے کئے جا رہے ہیں۔ جمہوریت میں وزیر اعظم اور صدر شخص نہیں ادارے ہوتے ہیں، اور اپوزیشن مسلسل جمہوری اداروں کی ساکھ کو بگاڑنے کرنے کی کوشش میں مصروف ہے ۔