سری نگر، //معاشرے سے منشیات کی بدعت کی بیخ کنی کے لئے جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے نشہ آور مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے کے نزدیک پولیس چوکی ہمہامہ کی ایک ٹیم نے معمول کی چیکنگ کے دوران ایک ماروتی آلٹو گاڑی زیر رجسٹریشن نمبر JK04H – 8579 کو روکا جو ہمہامہ سے ہوائی اڈے کی طرف آ رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران گاڑی کے ڈرائیور کی تحویل سے 70 گرام چرس جیسا مواد اور الپرا زولم کی 580 گولیاں بر آمد کی گئیں۔
بیان میں ڈرائیور کی شناخت جاوید احمد ڈار ولد عبدالاحد ڈار ساکن گاگو ہمہامہ کے طور پر کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ منشیات فروش کو موقع پر ہی گرفتار کیا گیا جبکہ گاڑی کو بھی ضبط کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن بڈگام میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق اسی طرح کی ایک اور کارروائی کے دوران خانصاحب علاقے میں ایک مسجد کے نزدیک ایک اور منشیات فروش کو گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اسٹیشن خانصاحب کی ایک پارٹی نے خانصاحب میں ایک مسجد کے نزدیک ایک مشتبہ شخص کو دیکھا جس نے دو نائیلون کے بیگ اٹھا رکھے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ گرچہ اس شخص نے پولیس کو دیکھتے ہی فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اس کو دھر لیا گیا۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے 2 کلو 380 گرام نیم پیسا ہوا چرس جیسا مواد بر آمد کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار شدہ نے اپنی شناخت خورشید احمد میر ولد غلام محمد میر ساکن خانصاحب کے طور ظاہر کی۔
ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ منشیات فروش کو موقع پر ہی گرفتار کیا گیا اور اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن خانصاحب میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔