حقیقت پسندانہ منصوبہ بندی اور معیاری کام ہماری ترجیح:ڈاکٹرشاہدچوہدری

0
69

سیکرٹری آر ڈی ڈی نے کشمیر میںمالی سال 2024-25 کیلئے منریگا کے سالانہ ایکشن پلان پر تبادلہ خیال کیا
لازوال ڈیسک

سرینگر ؍؍محکمہ دیہی ترقی ( آر ڈی ڈی ) اور پنچائتی راج کے سیکرٹری ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے مالی سال 2024-25 کیلئے منریگا کے سالانہ ایکشن پلان اورلیبر بجٹ کا ایک وسیع جائیزہ لیا جس میں سرینگر ، اننت ناگ ،کولگام ، پلوامہ اور شوپیاں اضلاع پر توجہ مرکوز کی گئی ۔ سیکرٹری موصوف نے حقیقت پسندانہ منصوبہ بندی اور معیاری کام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تمام متعلقہ کاموں میں ہم آہنگی کو ترجیح دینے کی اہمیت پر زور دیا ۔ میٹنگ میں اہم پہلوؤں پر غور کیا گیا جس میں کمیونٹی کے اثاثوں کی تخلیق ، معاشرے کے کمزور طبقات کیلئے امداد اور ایسے منصوبوں کی ترجیحات پر زور دیا گیا جو کمیونٹی کی فلاح و بہبود میں براہ راست تعاون کرتے ہیں ۔ ڈاکٹر شاہد نے ان چیلنجوں پر قابو پانے کیلئے باہمی رابطے ، اعتماد اور عزم پر زور دیا ۔ انہوں نے مختلف محکموں کے موثر تعاون کی راہ میں حائل مسائل کو حل کرنے کیلئے مشترکہ کوشش پر زور دیا ۔ آئیندہ سال کیلئے ایک روڈ میپ پیش کیا گیا اور مشن موڈ اپروچ کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ڈاکٹر شاہد نے تکنیکی ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا اور خاص طور پر زراعت جیسے اہم محکموں سے فنڈز کی ناکافی دستیابی پر تشویش کا اظہار کیا ۔ ڈاکٹر شاہد نے 60 فیصد اخراجات زراعت اور اس سے متعلقہ سرگرمیوں کیلئے مختص کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور اس بات پر زور دیا کہ یہ زرعی شعبے کو جامع کمیونٹی کی ترقی کیلئے آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔ مزید براں سیکرٹری موصوف نے آدھار پر مبنی ادائیگی کے نظام کے ذریعے اجرت کی فوری ادائیگی کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا جس کا مقصد شفافیت اور جوابدہی کو بڑھانا ہے ۔ میٹنگ میں ڈائریکٹر آر ڈی ڈی کشمیر ، ایڈیشنل سیکرٹری آر ڈی ڈی اور کشمیر ڈویژن کے مختلف اضلاع سے اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ ( اے سی ڈیز ) نے بھی شرکت کی ۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا