ضلع میں سب سے بڑی تقریب ڈسڑکٹ پولیس لائنز میں منعقد ہوئی
تنہا ایاز
پلوامہ؍؍ ضلع پلوامہ میں 75 واں یوم جمہوریہ جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس حوالے سے ضلع میں سب سے بڑی تقریب ڈسڑکٹ پولیس لائنز میں منعقد ہوئی جہاں پر چیرمین ڈسڑکٹ ڈیولپمنٹ کونسل پلوامہ سید عبدالباری اندرابی نے ڈپٹی کمشنر پلوامہ ڈاکٹر بشارت قیوم اور ایس ایس پی محمد یوسف کی موجودگی میں قومی پرچم لہرایا اور پریڈ کی سلامی لی۔تقریب میں سرکاری ملازمین سیاست سے وابستہ افراد پولیس کے افسران کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں مقامی لوگوں نے شرکت کی۔اس موقع پر مختلف سکولوں سے وابستہ بچوں اور فنکاروں نے رنگارنگ تمدنی پروگرام پیش کئے۔جموں و کشمیر پولیس، سی آر پی ایف، فائر اینڈ ایمرجنسی،این سی سی مختلف سکولوں کے بچوں نے پریڑ میں بڑھ چڈھ کر حصہ لیا۔تقریب میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات، فنکاروں،پولیس اور فوج کے ساتھ ساتھ بہترین کارکردگی دکھانے والے مختلف محکموں کو انعامات سے نوازا گیا۔ مختلف کھیلوں میں شاندار کارکردگی دکھانے والے پلوامہ کے کھلاڑیوں کو بھی یوم جمہوریہ کے موقع پر حوصلہ افزائی کی گئی۔تقریب کے دوران پلوامہ کے سینئر صحافی اور آل انڈیا ریڈیو کے نامہ نگار میر نذیر ، مشعل ٹائمز کے چیف ایڈیٹر اور 4tv کے کشمیر انچارج شبنم فیاض ،کشمیری عظمیٰ کے نامہ نگار مشتاق الاسلام، ندائے کشمیر کے بیرو چیف تنہا ایاز، ای ٹی وی بھارت کے رپورٹر سید عادل مشتاق اور ڈی ڈی نیوز کے نامہ نگار طارق احمد کے علاوہ دیگر کئی افراد کی حوصلہ افزائی کی گئی۔تقریب میں نظامت کے فرائض سینئر صحافی میر نذیر نے انجام دئے۔