جموں،//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں ہڑتالوں اور پتھر بازی کا زمانہ ختم ہوگیا ہے اور وہاں کے نوجوانوں کے ہاتھوں میں آج پتھروں کے بجائے لیپ ٹاپ ہیں۔انہوں نے کہا کہ یونین ٹریٹری میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، بلا خلل سکولنگ اور ترقی نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مودی حکومت نے جموں وکشمیر میں نوکریوں کی بھرتی میں شفافیت لائی۔
موصوف زیر داخلہ نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو جموں کے لئے ایک سو ای بسوں کا افتتاح کرنے کے بعد دہلی سے جموں میں ایک مجمع سے ورچول خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں امن اور تعمیر و ترقی کی ایک نئی صبح پھوٹ رہی ہے۔ان کا کہنا تھا: ‘آج جموں وکشمیر کے نوجوانوں کے سپورٹ سے ہڑتال، منظم احتجاجوں اور پتھر بازی کا دور ختم ہوگیا ہے جموں و کشمیر کے بینادی ڈھانچے میں وسیع پیمانے پر ترقی ہو رہی ہے، اسکول بلا خلل چل رہے ہیں اور دوسرے شعبوں میں بھی ترقی ہو رہی ہے’۔
امیت شاہ نے کہا:’جموں وکشمیر میں پہلے نوجوانوں کو نوکریاں سیاسی لیڈروں کی سفارش سے ملتی تھیں اور اب وہ دن گذر گئے جب یہاں وزرا نوجوانوں کو نوکریاں دینے کے لئے سفارش کیا کرتے تھے’۔انہوں نے کہا: ‘آج ان کی سلپوں کے بجائے بچوں کو امتحانی پرچے دئے جاتے ہیں اور صاف و شفاف طریقے سے سرکاری نوکریوں کے لئے بھرتی کی جاتی ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘ان سیاسی لیڈروں کے لئے جو یہ کہا کرتے تھے کہ دفعہ 370 کے ہٹانے سے جموں وکشمیر میں کچھ بھی تبدیل نہیں ہوگا، کہتا ہوں، دہشت گردی میں 70 فیصد کمی آئی ہے جبکہ شہری ہلاکتوں میں 81 فیصد اور سیکورٹی فورسز کی ہلاکتوں میں بھی 48 فیصد کمی واقع ہوئی ہے’۔انہوں نے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں جموں وکشمیر میں پنچایتی راج سسٹم قائم ہوا ہے اور اس وقت حد بندی کی جا رہی ہے تاکہ چھوٹے ہوئے طبقوں کی ریزرویشن کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ جموں وکشمیر میں سال 2020 میں پتھر بازی کا ایک بھی واقعہ پیش نہیں آٰیا اور منظم احتجاجوں کا سلسلہ بھی ختم ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا: ‘سال 2010 میں 112 افراد پتھر بازی کے واقعات میں مارے گئے جبکہ سال 2022 میں یہ تعداد صفر ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘ہم نے دہشت گردی فنڈنگ کا گھیرا تنگ کر دیا اور دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کی جائیدادوں کو ضبط کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج جموں وکشمیر کے نوجوانوں کے ہاتھوں میں پتھر کے بجائے لیپ ٹاپ ہیں اور یہ یونین ٹریٹری امن و خوشحالی پر راہ پر گامزن ہے۔