عوامی شکایات کے بروقت ازالے کیلئے متعدد وفوداور اَفرادکے مسائل کو بغور سنا
لازوال ڈیسک
کٹھوعہ؍؍کمشنر سیکرٹری سوشل ویلفیئر شیتل نندا نے بلاک ڈِنگہ امب کے پنچایت منگلور میں ایک میگا عوامی دربار کی صدارت کی اور علاقے کے لوگوں کے مسائل اور مطالبات کا براہِ راست جائزہ لیا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر کٹھوعہ ڈاکٹر راکیش منہاس، اے ڈی ڈی سی کٹھوعہ انکور مہاجن، ایس ڈی ایم ہیرا نگر اور ضلع اِنتظامیہ کے دیگر سیکٹورل اورضلعی اَفسران موجود تھے۔ڈی ڈی سی نگروٹہ گجرو نارائن دَت ترپاٹھی اور متعدد وفود بھی میگا عوامی رَسائی پروگرام کا حصہ تھے۔عوامی دربار میں عوام کی جانب سے زبردست ردِّعمل دیکھنے میں آیا جس میں عوام نے کمشنر سیکرٹری کو اَپنے ترقیاتی مسائل اور مطالبات سے آگاہ کیا اور ان مسائل کو بروقت اَزالے کے لئے مداخلت کی درخواست کی۔ عوامی دربار میں سابق بی ڈی سی چیئرمین برنوتی برجیشور سنگھ اور دیگر متعدد وفود نے بھی شرکت کی اور مطالبات کی یادداشت پیش کی۔وفود نے عوامی رَسائی پروگرام کے اِنعقاد پر اَطمینان کا اِظہار کیا اور کہا کہ اس سے لوگوں کو اپنی شکایات کا اظہار اور اِنتظامیہ کو مناسب ذرائع سے جلد از جلد حل کرنے کا موقع ملتا ہے۔میٹنگ کے آغاز میں کمشنر سیکرٹری نے عوامی وفود اور لوگوں کے مسائل اور شکایات بغورسنا۔ اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو موقعہ پر ہی ہدایات جاری کیں کہ وہ عوامی دربار کے دوران وفود کی طرف سے پیش کی جانے والی تمام شکایات کو مقررہ وقت میں حل کیا جائے۔ شیتل نندا نے تمام وَفود اور اَفراد کو یقین دِلایا کہ ان کے پیش کردہ مسائل اور مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔کمشنر سیکرٹری نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ذاتی طور پر مقامات کا دورہ کریں اور عوام کی بھلائی کے لئے مسائل کا حل تلاش کریں۔ اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کی اوّلین ترجیح اِس بات کو یقینی بنانا ہے کہ عوام الناس کو بنیادی سہولیات اور خدمات کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے ۔اِس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر کٹھوعہ ڈاکٹر راکیش منہاس نے شُرکأ کا خیر مقدم کیا اورضلع کی پروفائل کے بارے میں بریفنگ دی۔ڈی ڈی سی نگروٹہ گجرو نے عوامی دربار کے دوران پی ڈبلیو ڈی بلاور سب ڈویژن میں رام کوٹ کے علاقے کو شامل کرنے کا مسئلہ اُٹھایا اور اس کے جلد حل کا مطالبہ کیا۔ اِس کے علاوہ اُنہوں نے ڈی ڈی سی ، بی ڈی سی ، پنچایت عمارتوں کی فراہمی ، سیلاب زدہ علاقوں کے لئے حفاظتی کریٹس ، سلور پینل کو فروغ دینے اور مجوزہ سڑکوں کی جلد الاٹمنٹ جیسے مسائل پر روشنی ڈالی۔سابق چیئرمین بی ڈی سی برنوتی کے ایک اور وفد نے ڈِنگہ امب۔ بارنوتی سڑک کے 10 کلومیٹر حصے کو جلد مکمل کرنے، نبارڈ کے تحت چڈوال منگلور روڈ کو جلد مکمل کرنے، جوتھانہ۔لہڑی-بوہرہ کو روڈ لنک کے ذریعے جوڑنے، جوتھانہ پُل کو جلد مکمل کرنے کے علاوہ آر ڈی ایس ایس سکیم کے تحت خراب بجلی تاروں کو تبدیل کرنے کا مسئلہ پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔پنچایت دھمال کے ایک وفد نے پینے کے پانی کی قلت کا مسئلہ اُٹھایا۔اِسی طرح ڈِنگہ امب کے ایک اور وفد نے پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سکل ڈیولپمنٹ سینٹر، ویٹرنری ہسپتال اور ہیلتھ سب سینٹر وغیرہ کا مطالبہ کیا۔