کہاتمام اصولوں، ہدایات اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرکے کمیشن کا مذاق اڑایا
یواین آئی
نئی دہلیوزیراعظم نریندر مودی کے بالاکوٹ ایئر اسٹرائک کے بارے میں تازہ بیان سے تنازعہ کھڑ ا ہوگیا ہے اور اپوزیشن سیاسی جماعتوں نے اس کی مذمت کی ہے اور مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی ایم) کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے اسے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلا ف ورزی قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن سے اس کی شکایت کی ہے ۔خیال رہے کہ مسٹر مودی نے سنیچر کو ایک ٹیلی ویزن چینل کو دیئے انٹرویو میں کہا تھا کہ بالاکوٹ پر ایئراسٹرائک کی رات کو موسم اچانک خراب ہوگیا تھا اور ماہرین نے ایئر اسٹرائک ٹالنے کا مشورہ دیا تھا لیکن انہوں نے (وزیراعظم) فضائیہ کو ایئر اسٹرائک کی منظوری دیتے ہوئے کہاکہ ہمیں بادلوں اور بارش کا فائدہ اٹھاکر راڈار سے بچتے ہوئے کارروائی کرنی چاہئے ۔اہم اپوزیشن لیڈر کانگریس نے اس پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ مسٹرمودی پانچ برس تک جملے ہی پھینکتے رہے ہیں۔ پارٹی نے ٹوئٹ کیا کہ جملہ ہی پھینکتارہا پانچ برس کی حکومت میں، سوچا تھا کہ ‘کلاوڈی’ ہے موسم نہیں آوں گار اڈار میں۔مسٹر یچوری نے چیف الیکشن کمشنرسنیل اروڑہ کو لکھے خط میں شکایت کی ہے کہ مسٹر مودی نے بالاکوٹ فضائی حملے کے بارے میں جو دعوے کئے ہیں اس سے ایک بار پھرانتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہوئی ہے ۔ انہوں نے خط میں لکھا ہے کہ مسٹر مودی نے ایک ٹی وی چینل کو دیئے انٹرویو میں فضائی کارروائی کی تفصیلات دیکر رائے دہندگان کو تشہیر کے لئے ممنوعہ وقت کے دوران متاثر کرنے کی کوشش کی ہے ۔ انکا یہ بیان اور رویہ الیکشن کمیشن کی ہدایات کی سراسر اور جان بوجھ کر کی گئی خلاف ورزی ہے ۔سی پی ایم لیڈر مسٹر یچوری نے کہاکہ مسٹر مودی نے الیکشن کمیشن کے تمام اصولوں، ہدایات اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرکے کمیشن کا مذاق اڑایا ہے اور جمہوریت کو نقصان پہنچایا ہے جس کا محافظ الیکشن کمیشن ہے ۔ اس لئے الیکشن کمیشن کو اپنے اعتماد، احترام اور ساکھ کوبچائے رکھنے کے لئے مسٹر مودی کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انکی پارٹی نے کمیشن کو مسٹر مودی اور مسٹر امت شاہ کے ذریعہ پہلے بھی انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی شکایت کی ہے لیکن ان دونوں پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔اس سے پہلے مسٹر یچوری نے ٹوئٹ کرکے بھی مسٹر مودی کے اس بیان کی تنقید کی تھی۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا تھا کہ مسٹر مودی کے الفاظ شرمناک اور غیرذمہ دارانہ ہیں۔ ان کے الفاظ سے فضائیہ کی توہین بھی ہوئی ہے کیونکہ ان میں فضائیہ کو ناواقف اور غیرپیشہ ور بتایا گیا ہے ۔ ان کا اس طرح کا بیان اپنے آپ میں ملک سے غداری کے مترادف ہے ۔ کوئی محب وطن ایسا بیان نہیں دے گا۔نیشنل کانفرنس کے لیڈرعمر عبداللہ نے بھی طنز کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر مودی کا یہ مشورہ مستقبل کے حملوں میں کام آئے گا۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ پاکستانی راڈار بادلوں کے پار دیکھنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔ یہ اسٹریٹجک نظریہ سے اہم معلومات ہے جو مستقبل میں فضائی حملوں کا منصوبہ بناتے وقت کام آئے گا۔خیال رہے کہ گزشتہ 14فروری کو پلوامہ میں سنٹرل ریزرو پولیس فورس کے قافلہ پر دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندستانی فضائیہ نے گزشتہ 26فروری کو پاکستا ن کے قبضے والے کشمیر کے نزدیک بالاکوٹ میں دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے کیمپ پر کارروائی کرکے اسے تباہ کردیا تھا۔