مساجد، مدارس، خانقاہوں، قبرستانوں اور املاکِ اوقاف کا تحفظ ہماری ترجیحات میں شامل: انجینئر رفیق چشتی
لازوال ڈیسک
پونچھ// مرکزی زیر انتظام جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل حویلی کے شہرِ خاص کے اعلی پیر چوک میں اعلٰی پیر محلہ کی مشہور شخصیات جن میں سکندر حیات طارق، سابق ایم ایل اے شاہ محمد تانترے، الحاج بشیر احمد خاکی، سابق وائس چانسلر سائیں ناتھ یونیورسٹی ڈاکٹر شہزاد ملک، امام و خطیب جامع مسجد اعلیٰ پیر پونچھ حافظ محمد صدیق و اعلی پیر یوتھ کی جانب سے اوقافِ اسلامیہ پونچھ کے نئے تعینات ایگزیکٹو آفیسر انجینئر محمد رفیق چشتی کے استقبال اور انہیں خوش آمدید کہنے کے لیے اعلیٰ پیر چوک میں ایک جامع تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں محلہ اعلٰی پیر وارڈ نمبر 12 اور 13 کی عوام نے شرکت کر تقریب کو کامیاب بنایا۔تقریب میں شرکت سے قبل انجینئر محمد رفیق چشتی نے زیارت شریف اعلی پیرؒ کا دورہ کیا اور وہاں دعا کی اور بعد ازاں ہارون کے ساتھ و نعروں کی گونج کے ساتھ انہیں وہاں کے معززین نے تقریب تک پہنچایا۔تقریب میں ترتیب کے ساتھ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے نئے تعینات ایگزیکٹو آفیسر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انکی عزت افزائی کی۔اس تقریب میں نظامت کے فرائض ماسٹر محمد عارف راٹھور نے انجام دیئے جبکہ دیگر معززین و اعلٰی پیر کی یوتھ نے اس تقریب کے دیگر تمام ترین فرائض انجام دیئے۔بعد ازاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انجینئر محمد رفیق چشتی نے بتایا کہ اوقافِ اسلامیہ پونچھ کا عہدہ سنبھالتے ہی انہوں نے اوقاف کی انتظامیہ کا اجلاس طلب کر اوقاف کی جانکاری لی اور سب سے قبل آئمہِ مساجد و موزنوں کے لیے معقول معاوضہ فراہم کرنے کے لیے آئمہِ مساجد و موئوزنوں کی فہرست تیار کرنے کے احکامات صادر کیے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے مساجد، مدارس، خانقاہوں و قبرستانوں کی صحیح دیکھ بھال و انکے تحفظات کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کے جو توقعات ان سے ہیں وہ ان توقعات پر کھرا اترنے کی کوشش کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ جس طرح سابق ایڈمنسٹریٹرز پر الزامات عائد ہوتے رہے وہ اس طرح کے الزامات سے بری ہوکر جس طرح لوگ انکی آمد پر تقاریب کا انعقاد کررہے ہیں اسی طرح رخصتی پر بھی گرم جوشی کے ساتھ تقاریب منعقد کر رخصت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ غریب لوگوں کی دعائیں اور سائیں بابا میراں بخشؒ کی خصوصی دعائیں انکے ساتھ ہیں اور وہ اپنی محنت، ایمانداری و دیانتداری کے ساتھ کام کرتے رہیں گے۔مزید انہوں نے کہا کہ اوقافِ اسلامیہ پونچھ کے قبرستانوں پر ناجائز قابضین پر بھی عنقریب شکنجہ کسا جائے گا۔