لسانہ کانوجوان تین ماہ کیلئے سلاخوں کے پیچھے؛پونچھ پولیس نے بھی کئے سات افراد گرفتار
آکاش ملک /افتخار جعفری/وسیم حیدری
سرنکوٹ //سرنکوٹ لسانہ کا نوجوان پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت تین مہینے کیلئے جیل منتقل کر دیا گیا ہے ۔اُدھر پونچھ پولیس نے منشیات مخالف کاروائی کو جاری رکھتے ہوئے سنیچر کو منشیات کاروباری اور ان سرگرمیوں میں ملوث سات افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جن میں سے پولیس کے مطابق چند کو عدلیہ حراست کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سرنکوٹ لسانہ کا نوجوان پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت تین مہینے کیلئے جیل منتقل کر دیا گیا ہے ۔گزشتہ تین چار برس سے بدستور منشیات کا دھندہ کرنے کے جرم میں سرنکوٹ کے دکاندار طارق احمد عرف میڈم ولد مظفر حسین ساکنہ لسا نہ تحصیل سرنکوٹ ضلع پونچھ جو گزشتہ کئی عرصہ سے جعلی نوٹوں کا دھندا اور منشیات کے دھندے میں ملوث تھا جسے بارہا پولیس نے اپنی تحویل میں لیا لیکن کسی نہ کسی طریقہ سے اس کی ضمانت ہو جاتی تھی اور یہ شخص پھر سے نوجوانوں کی رگوں میں زہر بھرنے کا کام کرتا رہا۔ گزشتہ روز ضلع انتظامیہ کے کڑے اقدام کے تحت مذکورہ نوجوان کو تین مہینے کیلئے پی ایس اے کے تحت راجوری ٹانگری جیل منتقل کیا گیا ہے ۔سرنکوٹ کی عوام نے پولیس کے اس اقدام کی سراہنا کی ہے اور مطالبہ کیا کہ جو بھی شخص آج کے بعد منشیات کے دھندے میں ملوث پایا جائے اسے بغیر تاخیر کے پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت دو سے چار سال تک کے لئے جیل بھیج دیا جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی شخص نوجوانوں کی رگوں میں زہر بھرنے سے قبل سو بار سوچے۔پولیس کی جانب سے کڑی کاروائی پر کئی سماجی و سیاسی شخصیات نے بہتر اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کو اسی طرح سے کڑا رویہ اپنانے کی ضرورت ہے تاکہ قانون کے ڈر کی وجہ سے کوئی بھی شخث ایسی سماج مخالف برائیوں میں ملوث نہ ہو۔سماجی رکن پرویز ملک آفریدی نے پولیس کے اس اقدام کی سراہنا کی ہے اور کہا ہے کہ اس سے منشیات کی روک تھام میں کافی حد تک فائدہ حاصل ہو گا۔اُدھر پونچھ پولیس نے منشیات مخالف کاروائی کو جاری رکھتے ہوئے سنیچر کو منشیات کاروباری اور ان سرگرمیوں میں ملوث سات افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جن میں سے پولیس کے مطابق چند کو عدلیہ حراست کے لئے بھیج دیا گیا ہے – پریس کے نام جاری ایک بیان کے مطابق سنیچر کو پونچھ پولیس نے سات منشیات کاروباریوں کو گرفتار کیا جن میں سے ایک کا تعلق پونچھ قصبہ دو کا سرنکوٹ دو مہنڈر اور دو گرسائی سے ہے اور ان میں سے پولیس نے چند افراد کو عدلیہ حراست میں بھیجنے کا دعوا کیا ہے – واضح رہے کہ ضلع پونچھ میں منشیات کی وجہ سے ماضی میں متعدد جانیں تلف ہوئی تھی جس کے بعد پونچھ پولیس کی جانب سے منشیات مخالف کاروائیوں میں سرعت لائی گئی اور اسی کے تحت گزشتہ دنوں میں متعدد منشیات فروشوں کو پولیس نے اپنے شکنجے میں لیا ہے – پولیس کے مطابق یہ سلسلہ آگے بھی جاری رہے گا