’بے وقوف بنانے کی گھناؤنی سازش ‘

0
0

’مودی کیئر‘غریبوں کے حفظان صحت سے متعلق نیاجملہ:سرجے والا
یواین آئی

نئی دہلی؍؍کانگریس نے ’مودی کیئر‘کو غریبوں کے حفظان صحت سے متعلق جملہ قراردیتے ہوئے آج کہا کہ اس کے لئے بجٹ میں ایک پیسہ بھی نہیں رکھاگیا ہے اور وزراو افسران اس کے تعلق سے متضادبیان دے رہے ہیں ،اس سے واضح ہوجاتاہے کہ یہ غریبوں کو بے وقوف بنانے کی گھناؤنی سازش ہے۔کانگریس کے میڈیا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس بریفنگ میں صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا ہے 10کروڑ کنبوں کو پانچ پانچ لاکھ روپئے کا صحت بیمہ دینے کی اسکیم کے تعلق سے وزرا اور افسران کے تبصرے الگ الگ ہیں۔انھوں نے کہاکہ وزیر خزانہ ارون جیٹلی کے مطابق یہ اسکیم مرکز نافذ کرے گا لیکن وزیر صحت جے پی نڈا کہہ رہے ہیں کہ اس کے لئے نصف پیسہ ریاستیں اور نصف مرکز دیگا۔سکریٹری برائے امورخزانہ ہسمکھ ادھیا نے اس اسکیم کے اکتوبر میں شروع ہونے کی بات کہی ہے جبکہ ایک سابق سکریٹری نے کہا کہ یہ اسکیم پانچ سال بعد نافذ ہوگی۔مسٹر سرجے والانے کہا کہ 10کروڑ کنبوں کو پانچ لاکھ روپئے کا بیمہ دینے کے لئے سالانہ 15ہزار روپئے پریمیم دیناہوگا اور بیمہ کمپنیوں کو ڈیڑھ لاکھ کروڑ روپئے اداکرنے ہونگے۔اگر حکومت خود یہ ذمہ داری لے اور دس کروڑ میں سے پانچ کروڑ کنبے بھی ڈھائی لاکھ کا دعوی کریں تو بھی بڑی رقم کی ضرورت ہوگی۔انھوں نے وزیر خزانہ سے سوال کیا کہ بجٹ میں مختص کئے بغیر یہ پیسہ کہاں سے آئیگا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کا کہنا ہے کہ 2000کروڑ وہ دیگی اور 2500کروڑ روپئے تعلیم پر سرچارج سے آئیں گے لیکن اس سے کل 4500کروڑ روپئے ہی آئیں گے۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ مودی حکومت تین سال میں یہ تیسری ہیلتھ بیمہ اسکیم لیکر آئی ہے۔سال 2016کے بجٹ میں سبھی غریبوں کو ایک لاکھ روپئے تک کا ہیلتھ بیمہ دینے کااعلان کیا تھالیکن نہ تو اسکیم تیار ہوئی اورنہ ہی پیسہ مختص کیا گیا۔سال 2017کے بجٹ میں پھر ایک نئی ہیلتھ بیمہ اسکیم لائی گئی اور بی پی ایل کارڈ رکھنے والوں کو 30ہزار روپئے کا بیمہ دینے کی بات کہی گئی۔اس اسکیم کے لئے 1500کروڑ روپئے بھی خرچ نہیں کئے گئے۔کل 26کروڑ 97لاکھ بی پی ایل کارڈ ہولڈروں میں سے 21کروڑ 44لاکھ کو ہیلتھ کارڈ ہی نہیں دئے گئے۔منریگا پر انھوں نے کہا کہ مودی حکومت نے پچھلے ڈیڑھ برسوں سے اس اسکیم کے تحت ریاستوں کو پیسہ نہیں دیاہے اور 100دنوں کے کام کی گارنٹی کو 35دن کردیاہے۔انھوں نے الزام لگایاکہ یہ حکومت سازش کیتحت یہ اسکیم ختم کرناچاہتی ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا