پونچھ کے جنگلی علاقوں میں تیسرے روز بھی تلاشی آپریشن جاری

0
0

وسیع آپریشن کے لئے تیاریاں شروع،فرار ہونے کے راستوں پر پہرے بٹھا دئے
یواین آئی

جموں؍؍جموں وکشمیر کے پونچھ ضلع کے جنگلی علاقوں میں تیسرے روز بھی تلاشی آپریشن جاری رہا، فوج اور پولیس نے مشترکہ طورپر پونچھ کے ایک درجن سے زائد علاقوں کومحاصرے میں لے کر فرار ہونے کے راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ سراغ رساں ایجنسیوں نے یوم جمہوریہ کے پیش نظر الرٹ جاری کیا ہے جس کے پیش نظر جموں صوبے میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق پونچھ کے جنگلی علاقوں میں تیسرے روز بھی مفرور ملی ٹینٹوں کو تلاش کرنے کی خاطر آپریشن جاری رہا۔ذرائع کے مطابق فوج نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرون کیمروں کے ساتھ ساتھ سراغ رساں کتوں کی بھی خدمات حاصل کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ آرمی ، پولیس ، ایس او جی اور پیرا ملٹری فورسز کے اہلکاروں نے مشترکہ طورپر کئی علاقوں کو محاصرے میں لے لیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ اتوار کے روز فوج اور جموں وکشمیر پولیس نے پونچھ کے مزید کئی جنگلی علاقوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔معلوم ہوا ہے کہ پونچھ اور راجوری کے جنگلی علاقوں میں چھپے بیٹھے ملی ٹینٹوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا جارہا ہے۔فوج کا کہنا ہے کہ سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف آپریشن شروع کرنا ناگزیر بن گیا ہے تاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔انہوں نے کہا:پونچھ اور راجوری میں آئے روز سیکورٹی فورسز پر حملے ہو رہے ہیں جس کے پیش نظر فوج نے فیصلہ کیا ہے کہ جڑواں اضلاع کے جنگلی علاقوں میں موجود ملی ٹینٹوں کو جلد ازجلد مار گرایا جائے۔‘‘باوثوق ذرائع کے مطابق فوج نے آپریشن کے لئے سبھی تیاریاں مکمل کی ہیں جبکہ جدید ٹیکنالوجی کو بھی آپریشن کے دوران بروئے کارلایا جارہا ہے۔دریں اثنا سراغ رساں ایجنسیوں کی جانب سے الرٹ جاری کرنے کے بعد جموں صوبے میں جگہ جگہ سیکورٹی فورسزکی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق جموں کے سرحدی علاقوں میں تعینات فوج کو انتہائی ہائی الرٹ پر رہنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔حد متارکہ اور بین الاقوامی سرحد پر تعینات افواج کو رات کا گشت بھی تیز تر کرنے کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا