کہاجموں و کشمیر کاروبار کرنے کیلئے ایک بہترین جگہ ہے، ہماری معیشت مضبوط ہے، ترقی کر رہی ہے اور یہ متنوع ہے
لازوال ڈیسک
گجرات؍؍لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج وائبرینٹ گجرات گلوبل سمٹ میں ’’جموں و کشمیر میں سرمایہ کاری کے مواقع‘‘پر خصوصی سیشن میں شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر کے فروغ پذیر سرمایہ کاری کے منظر نامے اور مختلف شعبوں میں جموںوکشمیر یوٹی میںپیش کردہ منفرد اِقتصادی مواقع پر روشنی ڈالی۔اُنہوں نے ہندوستان اور بیرون ملک کے صنعت کاروں کو جموں کشمیر یوٹی میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔ اُنہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں سرمایہ کاری کا مطلب بھارت کے اتحاد اور سا لمیت میں سرمایہ کاری کرنا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں جموں و کشمیر نے ایک مضبوط سرمایہ کار دوست ماحول، اِقتصادی استحکام، انتہائی ہنرمند اَفرادی قوت اور سیاحت، مہمان نوازی، زراعت، باغبانی، ہینڈ کرافٹ و ہینڈلوم، آئی ٹی اور مینوفیکچرنگ میں زبردست مواقع پیدا کئے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوںمیں جموں و کشمیر میں غیر معمولی تبدیلی نے سرمایہ کاری کے لئے طویل مدتی مستقبل کے لئے ایک سازگار ، محفوظ اور متحرک ماحول پیدا کیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’جموںوکشمیر میں سرمایہ کاری خام مال ، بہتر ترغیبات ، مخصوص مارکیٹ کے لئے اعلیٰ پیداواری صلاحیت ، مضبوط بنیادی ڈھانچے اور اعلیٰ سطح کی اِختراعیت ، تحقیق اور ترقی کے ساتھ جموںوکشمیر یوٹی کے ممکنہ وسائل سے فائدہ اُٹھانے کا ایک منفرد موقعہ فراہم کرتی ہے ۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کاروبار کرنے کے لئے ایک بہترین جگہ ہے کیوں کہ ہماری معیشت مضبوط ہے، ترقی جاری رکھے ہوئے ہے اور یہ متنوع ہے۔ زائد اَز 55فیصد سبز جگہ کے ساتھ، یہ رہنے اور کام کرنے کے لئے ایک بہترین جگہ پیش کرتا ہے۔ اُنہوںنے کہا کہ شہری تبدیلی نے شہروں میں معیارِ زندگی کو بھی یقینی بنایا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ کاروبار کرنے میں آسانی، کم تعمیل کا بوجھ، فزیکل اور ڈیجیٹل کنکٹویٹی اور اہم پالیسی اِصلاحات جموں و کشمیر کو ایک پُرکشش تجارتی اور کاروباری مقام بناتی ہیں۔اُنہوں نے جموںوکشمیر یوٹی میں کاروباری ثقافت کو فروغ دینے کے لئے جموں و کشمیر اِنتظامیہ کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ حال ہی میں جموں و کشمیر کو ’وَن ڈسٹرکٹ وَن پروڈکٹ‘ کی درجہ بندی میں گولڈ میڈل حاصل کیا ہے جو مضبوط مقامی اَنٹرپرینیورشپ کی نشاندہی کرتا ہے۔کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت محکمہ وِکرم جیت سنگھ نے جموں و کشمیر میں سرمایہ کاری کے مواقع پر ایک پرزنٹیشن پیش کی۔جموں و کشمیر حکومت نے محکمہ صنعت و حرفت کے ذریعے متعدد صنعتوں کے ساتھ مفاہمت نامے پر دستخط بھی کئے۔اِس سیشن کا اِنعقادجموں و کشمیر ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن (جے کے ٹی پی او) نے ایسوسی ایٹیڈ چیمبرز آف کامرس اینڈ اِنڈسٹری آف اِنڈیاکے اِشتراک سے کیا تھا۔اِس موقعہ پر وزیر مملکت برائے داخلہ اور صنعت حکومت گجرات ہرش سنگھوی، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری، چیئرمین، ایسوچیم گجرات چنتن ٹھاکر،جموں و کشمیر حکومت کے سینئر افسران، ایسوسی ایٹیڈ چیمبرز آف کامرس اینڈ اِنڈسٹری آف اِنڈیاکے ممبران اور صنعتوں اور بزنس کمیونٹی کے نمائندے موجود تھے۔