کہا،شہریوں میں عزم اور فرض شناسی کا جذبہ معیار ِزندگی کو بہتر بنائے گا اور خوشحالی کی راہ ہموار کرے گا
لازوال ڈیسک
جموں ؍؍لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے آج بھلوال میں جموں و کشمیریوٹی اِنتظامیہ کے عوامی رابطہ پروگرام ’ بلاک دیوس ‘ میں شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے ’بلاک دیوس‘کے موقعہ پر زبردست ردِّعمل کے لئے لوگوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ شراکتی حکمرانی کو مضبوط بنانے کے لئے جن بھاگیداری مہم شہریوں کو بااِختیار بنا رہی ہے ، ذمہ داریوں کے بارے میں بیداری پیدا کر رہی ہے اور اِنتظامیہ میں اَفسران کی جواب دہی کو یقینی بنارہی ہے۔اُنہوں نے سماج کے ہر طبقے پر زور دیا کہ وہ اَپنی پنچایت کو صاف ستھرا، رہنے کے قابل بنانے،صد فیصد خواندگی کی شرح حاصل کرنے، سرسبز مقامات کو برقرار رکھنے اور تمام سرکاری سکیموں کو صد فیصد مکمل کرنے کے لئے لگن اور عزم سے پہل کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا، ’’معاشرے اور ان کی متعلقہ پنچایتوں کے تئیں شہریوں میںعزم اور فرض شناسی کا احساس معیارِ زندگی کو بہتر بنائے گا اور خوشحالی کی راہ ہموار کرے گا۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ’ وِکست بھارت سنکلپ یاترا ‘میںعوام کی بڑے پیمانے پر اور تاریخی شرکت اور تمام سکیموں کی صد فیصد تکمیل سے ترقیاتی عدم توازن دور ہوگا اور مقامی معیشت کوفروغ ملے گا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مساوی اور جامع ترقی اور سب کو بااِختیار بنانے کے لئے جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوں نے کہا کہ سرکاری وسائل پر پہلا حق غریب اور پسماندہ اَفراد کا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ڈوگری اور دیگر علاقائی زبانوں کو فروغ دینے، باقی پنچایتوں کو سڑکوں سے جوڑنے، صنعتوں اور مذہبی سیاحت کو فروغ دینے ، زراعت اور اِس سے منسلک شعبے کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا ،’’مرکزی حکومت کی سکیموں کے علاوہ جموں و کشمیر یو ٹی اِنتظامیہ ایک درجن سے زیادہ سیلف ایمپلائمنٹ سکیمیں چلا رہی ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو اَپنا کاروبار شروع کرنے کے لئے وسائل اور ضروری تربیت فراہم کرنا ہے۔ یہ شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں گیم چینجر ثابت ہوسکتا ہے۔‘‘اُنہوں نے ’ بلاک دیوس ‘ پروگرام میں لوگوں پر زور دیا کہ وہ اَپنی پنچایت کو نشہ مکت بنانے کے لئے منشیات کی سپلائی چین کے خلاف کریک ڈاؤن کو تیز کرنے میں سول اِنتظامیہ اور پولیس کی مدد کریں۔اِس موقعہ پر پی آر آئی کے سابق ممبران کی طرف سے پیش کئے گئے مسائل کا جواب دیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے اُنہیں یقین دلایا کہ ضلعی سرمایہ بجٹ کی منصوبہ بندی میں اُن کی تجاویز اور جائزمطالبات پر غور کیا جائے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے ضلع ترقیاتی کمشنر جموں کو ہدایت دی کہ وہ ضلع کی پنچایتوں میں کھیل میدانوں کی ترقی کا ایک جامع جائزہ لیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ماہ اپریل کے آخیر تک جموں ضلع کی ہر پنچایت میں جہاں زمین دستیاب ہے، ایک کھیل کا میدان ہو۔اُنہوںنے مختلف محکموں کے سٹالوں کا معائینہ کیا اور شہریوں سے موصول ہونے والی شکایات کے بارے میں دریافت کیا۔ اُنہوں نے مختلف سرکاری سکیموں کے تحت اِستفادہ کنندگان کو منظوری نامے دئیے۔ اِس موقعہ پر چیئرمین ضلع ترقیاتی کونسل جموں بھارت بھوشن،اے ڈی جی پی جموں آنند جین، صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار ،ضلع ترقیاتی کمشنر جموں سچن کمار واشیا، ، سینئر افسران، سابق پی آر آئی ممبران اور بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔