کہا ایل جی انتظامیہ اور اسکول ایجوکیشن کے ڈائریکٹر کو پرائیویٹ اسکول مافیا کے دباؤ میں نہیں آنا چاہیے
لازوال ڈیسک
جموں؍؍ پیرنٹس ایسوسی ایشن کے صدر امیت کپور نے سرکاری اسکولوں اور پرائیویٹ اسکولوں میں تمام کتابیں یکساں ہونے کے حوالے سے جاری جیکبوس کے حکم کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی نجی اسکول کو اپنی مرضی کے مطابق کتابیں لگانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔ انہوں نے سردیوں کے موسم کے پیش نظر بچوں کی چھٹیوں میں توسیع کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ پرائیویٹ سکولوں کا مافیا ایل جی انتظامیہ اور ڈائریکٹر آف سکول ایجوکیشن پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے کہ وہ اس حکم کو واپس لے لیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایل جی انتظامیہ اور اسکول ایجوکیشن کے ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکول مافیا کے دباؤ میں نہیں آئیں گے چاہے وہ احتجاج کریں یا کوئی اور حربہ اختیار کریں۔ امیت کپور نے یہ بات جموں میں ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سخت سردی کی وجہ سے پیرنٹس ایسوسی ایشن اور والدین کے مطالبے پر ایل جی انتظامیہ کی جانب سے اسکولوں کی چھٹیوں میں توسیع پر تمام والدین خوش ہیں اور انہوں نے اس پر ایل جی انتظامیہ اور محکمہ اسکول ایجوکیشن کے ڈائریکٹر کا شکریہ ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سکولوں کا مافیا تمام سکولوں میں یکساں کتب لگانے کا حکم واپس لینے کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے تاہم والدین، بچے اور والدین انجمن جیکبس کے ساتھ ہیں اور امید ہے کہ جیکبس اس مافیا کے خلاف بھرپور جدوجہد کریں گے۔