جموں کشمیر ہمہ جہت ترقی کو تیز کرنے کے مشن پر گامزن ہے:سنہا

0
0

جموں وکشمیر فوڈ پروسسنگ اینڈ ویلنس کنکلیو کا اِفتتاح کیا،کہا سیب ، اخروٹ ، بادام اور زعفران کی پیداوار میں جموں وکشمیر پہلے نمبر پر ہے
لازوال ڈیسک

جموں ؍؍لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے آج جموں میں جموںو کشمیر فوڈ پروسسنگ اینڈ ویلنس کنکلیو کا اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پرجموں و کشمیرسیکاپ ( ایس آئی سی او پی)اور اپالو ہسپتال نے خطے میں اپولو ہسپتال کے قیام کے لئے اَراضی کے دستاویز کا تبادلہ کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموںو کشمیر ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن کے زیر اہتمام دو روزہ کنکلیو کے دوران سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے اور تعاون کو فروغ دینے کے لئے صنعتی رہنمائوں ، پالیسی سازوں اور ہاسپٹلٹی ، ویلنس اور فوڈ پروسسنگ شعبوں کے شراکت داروں کا خیرمقدم کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ آج اپولو ہسپتال کے ساتھ اراضی کے تبادلے سے صحت شعبے کے سب سے بڑے پلیئرس میں سے ایک کے لئے جموں وکشمیر یوٹی میں زمینی کام کا باقاعدہ آغازکرنے کی راہ ہموار ہوگی۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس سے ہیلتھ کیئر نظام کو فروغ ملے گا اور روزگار ، خود روزگار اور اَنٹرپرینیور شپ کے مواقع میں اِضافہ ہوگا۔لیفٹیننٹ گورنر نے صنعتی ترقی کو آسان بنانے اور جموں و کشمیر کو تیزی سے بڑھٹی ہوئی او رسب سے زیادہ ترجیحی سرمایہ کاری کی منزل میں تبدیل کرنے کے لئے اِنتظامیہ کے کلیدی اَقدامات پرروشنی ڈالی ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر ہمہ جہت ترقی کو تیز کرنے کے مشن پرگامزن ہے۔ دلکش گھاس کے میدان، سبزہ زارزمین، پُرسکون جھیلیں، سرسبز پہاڑ، صاف ستھرا ماحول اور ابدی مناظر ہر طرح کے مسافروں کے لئے ناقابل یقین منزلیں اور سرمایہ کاروں کے لئے پُرکشش مواقع فراہم کرتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ دو روزہ کنکلیو مختلف شعبوں میں جموں کشمیر کی طاقت اور صلاحیت کو ظاہر کرنے کے لئے جموںوکشمیریوٹی اِنتظامیہ کے عزم کا ثبوت ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ سیب، اخروٹ، بادام اور زعفران کی پیداوار میں جموں و کشمیر پہلے نمبر پر ہے۔ اسے ہندوستان کے پھلوں کا پیالہ کہا جاتا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ فوڈ پروسسنگ شعبے میں بے پناہ اِمکانات ضائع ہونے کو کم کرنے ، فروٹ گرئوورس کی قسمت بدلنے اور اِقتصادی ترقی کے کلیدی محرکات میں سے ایک بننے کے قابل ہو ں گے۔اُنہوں نے کہا ،’’جموں و کشمیر میں صنعتوں کے لئے ریڈ ٹیپ سے ریڈ کارپٹ بدل دیا گیا ہے۔ ہم فوڈ پروسسنگ، سبزیوں، بیکری پروڈکشن اور نیوٹراسوٹیکل کے مختلف شعبوں میں مواقع پیش کر رہے ہیں۔ جی آئی سرٹیفکیشن سے سرمایہ کاروں کو عالمی برانڈز بنانے اور فوڈ سیفٹی اورمعیار کے بین الاقوامی معیارات بنانے میں مدد ملے گی۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کنکلیو میںگذشتہ چند برسوں میں سیاحتی شعبے میں ریکارڈ کی گئی غیر معمولی ترقی کا بھی اشتراک کیا۔اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میںجموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ نے سیاحت کی تیز رفتار ترقی کو فروغ دینے اور مہمان نوازی شعبے میں اُبھرتے ہوئے مواقع سے سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ اُٹھانے کو یقینی بنانے کے لئے بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر خصوصی زور دیا ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،’’ سیاحتی شعبے کو صنعت کا درجہ دیا گیا ہے تاکہ سرمایہ کاری کی رُکاوٹوں کو ختم کیا جاسکے ، مراعات کو یقینی بنایا جاسکے اور متعلقہ کاروباری سرگرمیوں کو آسان بنایا جاسکے ۔ مجھے یقین ہے کہ جموں کشمیر ہندوستان کے اہم سیاحتی مقام کے طور پر اُبھرنے کے لئے تیار ہے۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ سیاحت کا رجحان اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ میڈیکل ٹوراِزم اورویلنس اِنڈسٹری میں ترقی روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ، مقامی معیشت کے لئے اعلیٰ پیداوار ی صلاحیت اور اِس شعبے کے لئے مجموعی خوشحالی آئے گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہم کاروبار اور صنعتوں کی توسیع کے لئے بہترین مراعات اور معاون ماحول پیش کرتے ہیں۔ جموںوکشمیرکاروبار کرنے میں آسانی میں نمبر وَن بننے کے لئے بھی پُر عزم ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ میں صنعت کاروں کو جموںوکشمیر یوٹی میں سرمایہ کاری کرنے اور جموںوکشمیر کے ترقیاتی سفر میں حصہ لینے کی دعوت دیتا ہوں۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے اَنٹرپرینیوروں اور بزنس آرگنائزیشنوں کی جانب سے لگائے گئے سٹالوں کا بھی دورہ کیا۔اِس موقعہ پرلیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر، سیکرٹری صحت و طبی تعلیم بھوپندر کمار،کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت محکمہ وکرم جیت سنگھ،صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار، شعبہ جات کے سربراہان، سینئر افسران، کاروباری شخصیات اور صنعت کار موجود تھے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا