ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو وادی کی طرف راغب کرنے کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری
شاہ ہلال
پہلگام؍؍ پہلگام میں کرسمس کے موقعے پر سیاحوں کیلئے تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے اور یہ تقریبات سال نو تک جاری رہیں گی۔ ان تقریبات کا مقصد زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو پہلگام کی طرف راغب کرنا ہے۔ نمائندے کے مطابق شہر آفاق پہلگام میں کرسمس کے دن سے سال نو کے ابتداء تک پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے بڑے پیمانے پر تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ یہ تقریبات 25دسمبر سے لیکر 31دسمبر تک منعقد کی جارہی ہیں جس میں سیاحوں کی دلچسپی کیلئے خصوصی کلچرل پروگرام بھی منعقد ہوں گے۔ اس کے علاوہ کئی کھیل سرگرمیاں اور دیگر تفریحی پروگرام بھی منعقد کئے جارہے ہیں۔ اس ضمن میں چیف ایگزکیٹو آفیسر پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی طاریق احمد نایک نے نمائندے کو بتایا کہ ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو وادی کشمیر باالخصوص پہلگام کی طرف راغب کرنے کیلئے ان پروگراموں کا انعقاد کیا جارہاہے۔ا نہوں نے کہ 25دسمبر سے لیکر 31 دسمبر تک یہاں پر خصوصی طور پروگرام منعقدہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس موسم سرمائی میں پہلگام میں سیاحوں کی کافی تعداد نے سیر کی اور امید ہے کہ امسال بھی ملکی وغیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد وادی وارد ہوں گی جو پہلگام کی سیر بھی کریں گے۔ اس موقعے پر انہوں نے کہا کہ پہلگام کی شان و شوکت کو برقرار رکھنے کیلئے زمینی سطح پر اقدامات ا ٹھائے جارہے ہیں۔ طاریق احمد نے کہا کہ گزشتہ ہفتے سے پہلگام میں پچاس کے قریب ڈھانچوں کو منہدم کیا گیا ہے جو غیر قانونی طریقے سے بنائے گئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سیاحتی مقام کو دیکھنے کیلئے لوگ دور دور سے آتے ہیں لہذا کسی کوبھی پہلگام کی خوبصورتی تباہ کرنے قطعی اجازت نہیں دی جائے گی ۔