نئی دہلی، // حکومت نے بدھ کو راجیہ سبھا میں کہا کہ اب تک تین کروڑ لوگوں نے سہارا کوآپریٹیو سوسائٹیوں سے 80 ہزار کروڑ روپے کی واپسی کا دعوی کیا ہے۔
وزیر مملکت برائے خزانہ پنکج چودھری نے وقفہ سوالات کے دوران ایک ضمنی سوال کے جواب میں یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق پورٹل کے ذریعے سرمایہ کاروں کو رقم کی واپسی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ فی الحال اس کے لیے 5000 کروڑ روپے ملے ہیں اور دعویٰ کیے جانے کے 45 دنوں کے اندر رقم کی واپسی کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے دعوے کا ثبوت آن لائن فراہم کرنا ہوگا اور اس کی تصدیق کے بعد ہی رقم کی واپسی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کام امداد باہمی کی وزارت کے تحت کیا جا رہا ہے۔ اس کے لیے بنائے گئے پورٹل پر رقم کی واپسی کے دعووں کے تصفیہ کے لیے مکمل طور پر شفاف عمل کیا گیا ہے اور اسی کے مطابق رقم کی واپسی کا عمل جاری ہے۔