ایجوکیشن ایکسپو میں ملک بھر سے آئیں ہوئیں خواتین کا خطاب

0
0

کتابیں انسانی ذہن کی گرہیں کھول کر انقلاب برپا کر دیتی ہیں اور انسانی شعور و نظر کو نہ صرف بیدار کرتی ہیں بلکہ اس کی آبیاری میں ایک نمایاں کردار ادا کرتی ہیں۔ اسی پیغام کو ملت تک پہنچانے اور کتابوں سے آگاہی کے لئے اردو کتاب میلہ اور ایجوکیشن ایکسپو کا انعقاد شہر اورنگ آباد میں کیا گیا۔ ایکسپو میں مختلف نوعیتوں کے پروگراموں میں سے ایک پروگرام نابینا حفاظ کے لئے رکھا گیا۔ نابینا حفاظ کے سیشن میں حفظ قرآن کے اصول و ضوابط اور فن قرآت میں مہارت پر نابینا حفاظ نے اپنے تجربات شئیر کئے۔

اسکولوں کے طلباء نے بہت ہی عمدہ انداز میں حمد، نعت اور نظم سنا کر شرکاء ایجوکیشن ایکسپو کو اپنی مسحورکن آواز سے محظوظ کیا۔ مرزا سلیم بیگ نے دستوری سطح پر مائیناریٹی کے حقوق پر روشنی ڈالتے ہوئے اہم معلومات سے شرکاء جلسہ کو آگاہ کیا۔

جلسہ برائے خواتین بعنوان: "نہ ہو نو امید، نومیدی زوالِ علم و عرفاں ہے” میں ملک بھر سے تشریف لائی خواتین نے خطاب فرمایا۔ ”سورہ زمر اور اقبال کا فلسفۂ خودی” پر محترمہ مبشرہ فردوس نے اپنے زریں خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فرماتی ہیں کہ اللّٰہ نے انسان کو اشرف المخلوقات ہونے کے ساتھ خلیفہ کے منصب پر فائز کیا۔ مزید فرمایا فلسفۂ خودی کا نقطۂ یہ ہے کہ انسان خود کو اور اپنے منصب کو پہنچانے، اللّٰہ کے بتائے ہوئے علم سے آگاہی حاصل کریں۔ اللّٰہ ربّ العالمین سے بے انتہاء عشق کریں۔ عمارہ صدیقی صاحبہ نے ”اولاد کی تربیت” پر گفتگو میں اولاد کی ظاہری و باطنی تربیت، دوران تربیت والدین کو اولاد کی غلطی پر تنبیہ کا حکیمانہ انداز، اولاد کی حوصلہ افزائی اور اولاد کے مستقبل کو سنوارنے اور اسلامی منہج پر صحیح تربیت کرنے پر زور دیا۔ ممبئی سے آئیں ہوئی موٹیویشنل اسپیکر محترمہ روشن جہاں شیخ نے روداد زندگی بیان کرتے ہوئے اپنی زندگی کے آزمائش سے پر لمحات کو سامعین کے ساتھ شئیر کیا۔ اور ان پرخطر سفر میں کیسے اپنی منزل مقصود تک پہنچ پائیں اس کا اظہارِ خیال فرمایا۔ ڈاکٹر غزالہ عابد نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔

”مصنف سے ملیے” اس سیشن میں دہلی سے آئے ہوئے معزر مہمان مولانا محی الدین غازی صاحب نے اپنے انٹرویو میں ”اسلامی تمدن میں آئینی بحران” کتاب کے مترجم کی حیثیت سے فرمایا ”مصنف سے فکری ہم آہنگی و اتفاق کی بنیاد پر ہی کسی تحقیقی کتاب کا ترجمہ پایۂ تکمیل تک پہنچ سکتا ہے۔ مزید کہا کہ پڑھنے کا ذوق بیدار ہے اس کی تسکین کا سامان فراہم کروانا ہوگا۔

ان شاء اللّٰہ! کل بروز بدھ مائنڈ ان موشن، ایجوکیشن ایکسپو اور فانوسِ آگاہ کے زیرِ اہتمام قندیل رحمانی کوئیز کے فائنل مقابلوں کا انعقاد عمل میں آئیگا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا