ڈی پی اے پی نے جموں و کشمیر کے ڈومیسائلز کو ملازمت اور زمین کے حقوق کے مطالبے کو دہرایا
لازوال ڈیسک
کٹھوعہ؍؍ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی) نے جموں و کشمیر کے ڈومیسائل کے لیے زمین اور ملازمت کے حقوق کے مطالبے کو دہرایا ہے۔وہیںمطالبات کے چارٹر کی وضاحت کرتے ہوئے جسے ڈی پی اے پی کا کہنا ہے کہ پارٹی اور اس کے چیئرمین غلام نبی آزاد کاوژن ہے،کہا کہ یہ ایسے حقوق حاصل کرنے کا ایک جائز مطالبہ ہے جو ہماچل پردیش، اتراکھنڈ اور شمال مشرقی ریاستوں جیسی دیگر ریاستوں کے لوگوں کو بنیادی تحفظ کے لیے حاصل ہے۔ڈی پی اے پی لیڈروں کی ایک متفقہ کال میں سینئر لیڈران بشمول وائس چیئرمین جی ایم سروڑی، جنرل سکریٹری آر ایس چِب، صوبائی صدر جگل کشور شرما، نائب صدر جموں صوبہ سباش گپتا اور ایس سی سیل کے صدر اوم پرکاش اور دیگران نے اس طرح کے مطالبے کو دہرایا ۔انہوں نے کہاکہ مقامی آبادی کے لیے ملازمتوں اور زمین کی ضمانت کے لیے ہماری جد و جہد جاری رہے گی ۔انہوں نے مزیدکہاکہ ہمارے لوگوں کو 2019 کے بعد بری طرح سے نقصان اٹھانا پڑا ہے اور یہ غلام نبی آزاد ہی تھے جنہوں نے اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے جموں و کشمیر کے لیے آواز اٹھائی۔ سروڑی نے یہاں ایک جلسہ عام سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیاجہاں خواتین سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔اس موقع پرڈی پی اے پی کے جنرل سکریٹری آر ایس چِب نے جی این آزاد کے مختصر دور کو یاد کیا جسے انہوں نے سنہری دور قرار دیا جس کے دوران جموں و کشمیر کی مجموعی ترقی ہوئی۔وہیںلوگوں کے مسائل کو اجاگر کرنے میں ڈی پی اے پی کے کردار پر زور دیتے ہوئے، جگل کشور شرما نے پارٹی ممبران پر زور دیا کہ وہ نچلی سطح پر سب تک پہنچیں۔اس موقع پر بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان اور لیڈران نے شرکت کی۔