مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے جے کے ڈبلیو ڈی کے 28 ویں بورڈ آف ڈائریکٹرز میٹنگ کی صدارت کی
لازوال ڈیسک
جموں؍؍ لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں جموں و کشمیر وومن ڈیولپمنٹ کارپوریشن (جے کے ڈبلیو ڈی سی) کے 28ویں بورڈ آف ڈائریکٹرز میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں منیجنگ ڈائرکٹر جے کے ڈبلیو ڈی سی، محکمہ خزانہ منصوبہ بندی ، ترقی اور نگرانی محکمہ، نیشنل مینارٹیز دیولپمنٹ ایںڈ فائنانس کارپوریشن (این ایم ڈی ایف سی)،نیشنل بیک ورڈ کلاسز فائنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این بی سی ایف ڈی سی)، نیشنل دیویانگ جن اور فائنانس ڈیولپمنٹ پوریشن (این ڈی ایف ڈی سی) کے نمائندوں نے ذاتی طور پر اور بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ شرکت کی۔دورانِ میٹنگ بورڈ نے کارپوریشن کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی غوروخوض کیا جبکہ گزشتہ بورڈمیٹنگ کی رِپورٹ بھی میٹنگ میں زیر بحث آئی۔ میٹنگ میں جموں و کشمیر میں خواتین کی ترقی ، مجموعی فلاح و بہبود کے لئے جے کے ڈبلیو ڈی سی کی طرف سے اُٹھائے جانے والے اقدامات اور حکمت عملیوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے خواتین کی سماجی و اِقتصادی بااِختیار بنانے میں جے کے ڈبلیو ڈ ی سی کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے اور خواتین اور ان کے کنبوںکو بااِختیار بنانے کے مواقع سے فائدہ اُٹھانے کے لئے مشترکہ کوششوں اور اِختراعی طریقوں کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے جموں و کشمیر کے مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والی خواتین کو بااِختیار بنانے کے لئے کارپوریشن کے عزم کو اُجاگر جس کا مقصد انہیں معاشی طور پر خود مختار بنانا اور انہیں معاشرے میں مساوی شرکت دینا ہے۔مشیر موصوف نے میٹنگ میں کارپوریشن کی اِنتظامیہ پر زور دیا کہ وہ جے کے ڈبلیو ڈی سی کی مختلف سکیموں اور اَقدامات کے بارے میں پروگرام اور بیداری کیمپ منعقد کرے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اِس سے فائدہ اُٹھا سکیں۔ اُنہوں نے جموں و کشمیر کے تمام اَضلاع میں بڑے پیمانے پر بیداری مہم شروع کرنے کے لئے کہا تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین جے کے ڈبلیو ڈی سی کے ذریعہ چلائی جانے والی مختلف سکیموں کا فائدہ اُٹھائیں۔دوران میٹنگ بورڈ نے سٹریٹجک شراکت داری ، مالی استحکام ، اور مؤثر پروگراموں کی عمل آوری پر تبادلہ خیال کیا جو کارپوریشن کے ویژن اور مشن سے مطابقت رکھتے ہیں۔ بورڈ نے کارپوریشن کی جاری سکیموں کا بھی جائزہ لیا ۔