خودی رام بوس کو صحیح خراج عقیدت ریاست جموں و کشمیر کی مکمل حیثیت کی بحالی کے لیے جدوجہد شروع کرنا ہوگا:ڈاکٹر وکاس
لازوال ڈیسک
جموں؍؍ نیشنل سیکولر فورم (این ایس ایف)، یونیورسٹی یونٹ نے یونیورسٹی کیمپس میں ملک کے لیے اپنی جان قربان کرنے والے خودی رام بوس کی یوم پیدائش پر ایک پروگرام کا انعقاد کیا۔اس موقع پر شرکاء نے خودی رام بوس کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔وہیںانکش ابرول صوبائی جوائنٹ سکریٹری جے کے این سی مہمان خصوصی تھے اور ڈاکٹر وکاس شرما کوآرڈینیٹر جموں ڈسٹرکٹ اربن اور زونل سکریٹری، جے کے این سی نے تقریب کی صدارت کی۔اس موقع پر ڈاکٹر سکھدیو سنگھ صدر این ایس ایف مہمان ذی وقار تھے۔وہیںانکش ابرول نے کہا کہ اس ملک کی آزادی کی خاطر بہت سے آزادی پسندوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان کی آزادی کے لیے لڑتے ہوئے پھانسی کے تختے پر چڑھنے والے سب سے کم عمر لوگوں میں سے ایک خودیرام بوس تھے۔ واضح رہے 3 دسمبر 1889 کو، خودیرام مغربی بنگال کے مدنا پور ضلع میں تریلوکیا ناتھ بوس اور لکشمی پریہ دیوی کے ہاں پیدا ہوئے۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر وکاس شرما نے این ایس ایف کے اراکین کی جانب سے آگے آنے اور ان تقریبات کو منعقد کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ خودی رام بوس کو صحیح خراج عقیدت ریاست جموں و کشمیر کی مکمل حیثیت کی بحالی کے لیے جدوجہد شروع کرنا ہوگا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہم سب کو حلف اٹھانا چاہیے کہ خاموش نہیں بیٹھیں گے اور ریاست جموں و کشمیر کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔