سلہٹ، // تیج الاسلام (75 رن پر چھ وکٹ) کی خطرناک گیند بازی کی بدولت بنگلہ دیش نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لئے دو میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں ہفتہ کے روز نیوزی لینڈ کو 150 رنوں کے بڑے فرق سے شکست دے دی۔
بنگلہ دیش نے پہلی اننگ میں 310 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں مہمان ٹیم پہلی اننگ میں 317 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پہلی اننگ میں سات رنز سے پیچھے رہنے والی بنگلہ دیش نے دوسری اننگ میں کپتان نجم الحسین شانتو (105) کی سنچری اننگ کی مدد سے 338 رنز بنائے، جب کہ بعد میں تیج الاسلام نے چھ کیوی بلے بازوں کو آؤٹ کرکے نیوزی لینڈ کو181 رنز پر آل آؤٹ کردیا۔
پہلی اننگ میں سنچری اسکور کرنے والے کین ولیمسن (11) کا بلا دوسری اننگ میں نہیں چلا۔ انہیں تیج الاسلام نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ اگرچہ ڈیرل مچل (58) نے میزبان گیند بازوں کا بہادری سے سامنا کیا لیکن ان کا وکٹ بھی تیج الاسلام نے اکھاڑا۔ شکست کے دہانے پر کھڑی نیوزی لینڈ کے لیے تجربہ کار بولر ٹم ساؤتھی نے 34 رنز کی تیز اننگ کھیل کر شائقین کو محظوظ کیا۔