انڈو پیسیفک خطے میں تنازعات کسی بھی وقت تصادم کی شکل اختیار کر سکتے ہیں: بحریہ سربراہ
یواین آئی
نئی دہلی؍؍بحریہ کے سربراہ ایڈمرل آر ہری کمار نے جمعہ کو کہا کہ ہند-بحرالکاہل خطے میں جس قسم کے تنازعات ہیں ان کی وجہ سے وہاں کسی بھی وقت تصادم کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، لیکن ہندوستانی بحریہ وہاں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور ہر صورت حال سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔بحریہ کے دن سے قبل آج یہاں سالانہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، بحریہ کے سربراہ نے انڈو پیسیفک خطے کی صورتحال کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہاں کچھ تنازعات ہیں اور یہ تصادم کی شکل بھی اختیار کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہاں ڈکیتی سے لے کر اسمگلنگ اور آفات کے دوران مختلف قسم کے آپریشن کرنے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہند بحرالکاہل میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے باہمی مذاکرات ضروری ہے۔ بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ ہندوستان ایک کھلے، آزاد، خود مختار اور حکمرانی پر مبنی ہند-بحرالکاہل خطے کے حق میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈو پیسیفک خطے میں ہندوستان ہر سرگرمی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔بحر ہند کے حوالے سے ایڈمرل آر ہری کمار نے کہا کہ سمندروں کو مشترکہ میراث سمجھا جاتا ہے۔ ہر ملک قانونی طور پر سمندروں میں اپنی معاشی خواہشات کو پورا کر سکتا ہے۔ چین کو بھی وہاں اقتصادی سرگرمیوں کا حق ہے۔ خطے میں ہندوستان ایک بحری طاقت ہے اور ہر ملک کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس خطے میں ہندوستانی مفادات کا تحفظ بحریہ کی ترجیح ہے۔