چوتھے مرحلے کی انتخابی مہم ختم: 961امیدوار میدان میں

0
0

نو ریاستوں کی 72نشستوں اور اڈیشہ اسمبلی کی 42نشستوں کے لئے پیر کے روز پولنگ ہوگی
یواین آئی

نئی دہلی؍؍لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلے میں 29 اپریل کو ہونے والی پولنگ کے لئے انتخابی مہم ہفتے کی شام پانچ بجے ختم ہوگئی۔ اسی کے ساتھ ہی اڈیشہ اسمبلی انتخابات کے چوتھے اور آخری مرحلے کی انتخابی مہم کا شور آج تھم گیا۔جموں و کشمیر کی اننت ناگ سیٹ سمیت نو ریاستوں کی 72نشستوں اور اڈیشہ اسمبلی کی 42نشستوں کے لئے پیر کے روز پولنگ ہوگی۔ سیکورٹی وجوہات کی بنا پر اننت ناگ سیٹ پر تین حصوں میں پولنگ ہو رہی ہے ۔ اس سیٹ کے ایک حصے میں تیسرے مرحلے کے تحت ووٹ ڈالے جا چکے ہیں جبکہ چوتھے اور پانچویں مرحلے میں دیگر دو حصوں میں ووٹنگ ہونی ہے ۔لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلے میں 961 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہونا ہے ۔ ایک لاکھ 40 ہزار 849 پولنگ مراکز پر 127958477 ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعما کرسکیں گے ۔ ان میں 67322777 مرد، 60631574 خواتین اور 4126 تیسری صنف کے افراد شامل ہیں۔اس مرحلے میں مرکزی وزیر گری راج سنگھ بہار کی بیگوسرائے سیٹ سے ، گجیندر سنگھ شیخاوت راجستھان کی جودھپور سیٹ سے ، پی پی چودھری راجستھان کی پالی سیٹ سے اور ایس ایس ہلووالیہ مغربی بنگال کی برددھمان۔ درگاپور سیٹ سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ٹکٹ پر اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔بیگوسرائے میں طلبا سیاست سے قومی سیاست میں آئے کنہیا کمار کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے امیدوار کے طور پر مسٹر سنگھ کو ٹکر دے رہے ہیں۔ راشٹریہ جنتا دل کے تنویر حسن کی موجودگی کی وجہ سے وہاں مقابلہ سہ رخی ہو گیا ہے ۔ جودھپور میں مسٹر شیخاوت کا مقابلہ راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت کے بیٹے ویبھو گہلوت سے ہے جو کانگریس کے امیدوار ہیں۔دیگر اہم امیدواروں میں راشٹریہ لوک سمتا پارٹی کے اوپیندر کشواہا بہار کے اجیار پور سے ، سماج وادی پارٹی کی ڈمپل یادو اتر پردیش کے قنوج سے ، راشٹریہ جنتا دل کے عبدالباری صدیقي بہار کی دربھنگہ سیٹ سے ، کانگریس کی ارملا ماتونڈکر ممبئی شمال سے ، سنجے نروپم ممبئی شمال مغرب سے اور پریہ دت ممبئی شمال مشرق سے اور بی جے پی کے بابل سپریو مغربی بنگال کے آسنسول سے ، سوامی ساکشی مہاراج اترپردیش کے اناؤ اور دشینت کمار راجستھان کے جھالاواڑ۔بارن سے انتخابی میدان میں ہیں۔ مسٹر کمار راجستھان کی سابق وزیر اعلی وسندھرا راجے سندھیا کے بیٹے ہیں۔ممبئی شمال مشرق میں محترمہ دت کو بھارتیہ جنتا پارٹی کی پونم مہاجن ٹکر دے رہی ہیں۔ ممبئی جنوبی سیٹ سے شیوسینا کے موجودہ ایم پی اروند گنپت ساونت اور کانگریس کے ملند دیوڑا اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔اس مرحلے میں مہاراشٹر کی 17، راجستھان اور اتر پردیش کی 13۔13، مغربی بنگال کی آٹھ، اڈیشہ اور مدھیہ پردیش کے چھ چھ، بہار کی پانچ اور جھارکھنڈ کی تین سیٹوں پر ووٹنگ ہونی ہے جبکہ اننت ناگ سیٹ کے تحت پلوامہ ضلع میں ووٹ ڈالے جائیں گے ۔اس کے ساتھ ہی مہاراشٹر کی تمام 48 اور اڈیشہ کی تمام 21 لوک سبھا سیٹوں پر انتخاب مکمل ہو جائے گا۔ راجستھان، مدھیہ پردیش اور جھارکھنڈ میں پیر کے روز پولنگ کا پہلا مرحلہ ہوگا

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا