جامعہ معین السنہ ڈینگلہ پونچھ کے دو طلباء نے حفظ قرآن مکمل کیا
لازوال ڈیسک
پونچھ؍؍جامعہ معین السنہ ڈینگلہ جنیاڑ پونچھ کے دو طالب علم یاسر احمد ولد محمد کبیر ساکن ڈینگلہ پونچھ وناصر حسین ساکن ریاسی نے قرآن کریم مکمل حفظ کرنے کی سعادت حاصل کی اسی سلسلے میں آج جامعہ معین السنہ کے کانفرنس ہال میں ایک خوبصورت تقریب کا انعقاد کیا گیا تقریب کی قیادت جامعہ معین السنہ کے بانی وسربراہ مفتی بشارت حسین ثقافی نے کی جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے حضرت مولانا سید شاہد حسین بخاری صدر سنی علماء کونسل نے شرکت کی۔ جامعہ سے تحفیظ قرآن کی سعادت حاصل کرنے والے ان دونوں بچوں کی عزت افزائی کے طور پر علامہ سید شاہد بخاری ودیگر علماء وشرکاء مجلس کے ہاتھوں دستار بندی وہار پہنائے گئے نیز تحائف بھی پیش کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا سید شاہد حسین بخاری نے کہا کہ جامعہ معین السنہ نے قلیل عرصہ میں جو بے مثال ترقی کی ہے وہ قابل تحسین ہے انہوں نے کہا جامعہ سے حفظ قرآن مکمل کرنے پر ان دونوں بچوں کے والدین، جامعہ کے بانی واساتذہ قابل مبارکباد ہیں۔ مفتی بشارت ثقافی نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمارا مشن قرآن کی تعلیم کو گھر گھر پہونچانا ہے جس کے لئے ہم جامعہ معین السنہ کے پلیٹ فارم سے شب وروز مصروف ہیں موصوف نے قوم سے اپیل کی کہ اس قرآنی مشن میں ہمارے کاندھے سے کاندھا ملائیں تاکہ قرآنی خدمت کے اس سفر میں ہم منزل مقصود تک پہنچ سکیں، مولانا ثقافی نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں بچوں کو قرآن کی تعلیم حاصل کرنے کے لئے جامعہ معین السنہ ودیگر مدارس میں بھیجیں۔ اس موقع پر مقررین نے ان دونوں بچوں کو اور ان کے والدین واستاذ حافظ محمد صابر رضا وارثی کو مبارکباد پیش کی۔ پروگرام میں چوہدری محمد بشیر بجران سابق سرپنچ ڈینگلہ نے بھی اپنا مبارکبادی کا پیغام پیش کیا، نظامت کے فرائض مفتی محمد عمران القادری صدرالمدرسین جامعہ نے سرانجام دیئے جبکہ میراں پبلک ہائی اسکول کے پرنسپل ڈاکٹر گلزار احمد نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا جامعہ کے استاذ شعبہ درس نظامی مولانا محمد عرفان خان، قاری محمد رفیق رضا استاذ شعبہ تجوید بھی پروگرام میں موجود تھے۔